ورلڈ بینک نے پاکستان چوک سے ایمپریس مارکیٹ تک اولڈ سٹی کی بحالی کیلئے 80ملین ڈالر کے منصوبے کی منظوری دے دی

پیر 7 نومبر 2016 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) ورلڈ بینک نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی مسلسل کاوشوں اور دلچسپی کے باعث باالآخر پاکستان چوک سے ایمپریس مارکیٹ تک اولڈ سٹی کی بحالی کیلئے 80ملین ڈالر کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ورلڈ بینک کے 9رکنی وفد جس کی قیادت سینئر ڈائریکٹر Mr.Edeljjaszvaquez کر رہے تھے کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بتائی گئی۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات محمد وسیم٬ وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ٬ سیکریٹری انرجی آغا واصف اور دیگر نے وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت کی۔ ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ورلڈ بینک نے پرانے کراچی کے علاقے کی بحالی کے منصوبے جس پر لاگت کا تخمینہ 80ملین ڈالر ہے٬ کی سندھ حکومت کے ساتھ کام کرنے کی اصولی طور پر منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

ورلڈ بینک کی سینئر ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ ایک ا چھی خبر ہے جو میں یہاں دینے آیا ہوں۔وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ورلڈ بینک نے منصوبے کی توثیق کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ خبر صرف میری لئے ہی اچھی نہیں ہے بلکہ یہ کراچی کے لوگوں کیلئے بھی ایک اچھی خبر ہے۔انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کراچی کا دل ہے اور اسکی بحالی اور تزئین و آرائش سے پورے شہر کا عکس خوبصورت ہوجائیگا۔

پاکستان چوک سے ایمپریس مارکیٹ تک کے علاقے میں تاریخی عمارتیں ٬ پارکس اور گلیاں ہیں٬علاقے کی بحالی کیلئے نکاسی آب ٬سڑکیں٬گلیاں٬عمارتیں٬یوٹیلیٹیز٬ پارک اور دیگر متعلقہ علاقوں کو بہتر اور ازسرنو تعمیر کیا جائیگا۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات محمد وسیم نے کہا کہ انہوں نے منصوبے کا پروجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کردیا ہے اور سندھ حکومت نے اپنے حصے کے 20ملین ڈالر بھی مختص کردیئے ہیں۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر وہ مقامات جن کو دوبارہ تعمیر کرنے ہیں انکی نشاندہی کی ہے اور علاقے کی بہتری کیلئے ورک پلان بھی ترتیب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دسمبر2016سے منصوبہ شروع کر رہے ہیں٬ سینئر ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے وزیراعلیٰ سندھ کو پروجیکٹ حاصل کرنے پر مبارکباد دی٬ جس کیلئے انہوں نے اسلام آباد میں کنٹری ڈائریکٹرورلڈ بینک کی رہائشگاہ کا دورہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آپ کی کاوشیں اور ویژن کی بدولت یہ منصوبہ قابل عمل ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی کراچی کے شہریوں باالخصوص پرانے علاقے کے لوگوں کو ورلڈ بینک کے منصوبے کے حوالے سے مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :