ٹرین سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ٬مسافروں کی جان و مال کو محفوظ بنانے ٬حادثات سے بچاؤ کیلئے فوری و دیرپا حل تلاش کیا جائے‘ خواجہ سعد رفیق

وسائل کی کمی کے باوجود حادثات پر کنٹرول پانے کی پرزور کوششیں جاری رکھی جائیں ‘ وفاقی وزیر ریلوے کی زیر صدارت اجلاس میں اتفاق

پیر 7 نومبر 2016 22:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت ریلویز ہیڈکوارٹرزآفس میں ٹرین سیفٹی آپریشن سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میںحادثات کی روک تھام کیلئے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کیلئے وزارتِ ریلوے اور ریلوے ہیڈکوارٹرز کے اعلیٰ سطحی افسران میں باہمی مشاورت ہوئی۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ٹرین سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مسافروں کی جان و مال کو محفوظ بنانے اور حادثات سے بچاؤ کیلئے فوری و دیرپا حل تلاش کیا جائے ۔ وسائل کی کمی کے باوجود حادثات پر کنٹرول پانے کی پرزور کوششیں جاری رکھی جائیں جس پر شرکاء نے اتفاق کیا۔اس بات کا اِعادہ کیا گیا کہ موجودہ وسائل میں رہتے ہوئے پوری محنت سے ہر وہ قدم اُٹھایا جائے گا جس سے حادثات کو روکا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس امکان پر بھی غور کیا گیا کہ دُنیا میں موجود اور ماڈرن ریلویز میں مستعمل ایسی ٹیکنالوجی کا تعین کر کے پاکستان ریلویز میں متعارف کرنے کی سعی کی جائے جو مناسب اخراجات کے ساتھ ٹرین آپریشن کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنائے۔

اِس موضوع پر کام جاری رہے گا اور ہر وہ تدبیر اختیار کی جائے جو بہتری میں مدد گار ہو۔ اجلاس میں سیکریٹری ریلویز مسز پروین آغا٬ چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور٬ مشیر ریلویز انجم پرویز٬ ممبر فنانس غلام مصطفی٬ ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی٬ ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل لیاقت علی چغتائی٬ ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید٬ چیف مکینکل انجینئر کیرج اینڈ ویگن عدنان شافع٬ چیف مکینکل انجینئر لوکو شاہد عزیزاور ڈائریکٹر آئی ٹی فہد رحمن سمیت ریلوے کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :