آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے موثراقدامات اٹھائے جارہے ہیں٬گورنرخیبرپختونخوا

پیر 7 نومبر 2016 21:25

پشاور۔07نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ نقل مکانی کرنے والے قبائل کی اپنے آبائی علاقوں کو واپسی آخری مراحل میں ہے اور ان کی بحالی وآبادکاری کیلئے موثراقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔پیرکے روز کرم ایجنسی کے ایک روزہ دورے کے دوران ایک قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ تعلیم وصحت کی سہولیات کی بحالی اور ترقی کو اولین ترجیح دی جارہی ہے اور اس مقصد کیلئے تمام ترممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

سینیٹرسجادحسین طورو٬ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فداوزیر٬ کمشنر کوہاٹ مسرت حسین٬ کمانڈنٹ کرم ملیشاء عمرملک ٬پولیٹیکل ایجنٹ کرم ایجنسی اکرام اللہ خان کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

خطبہ استقبالیہ میں پیش کئے گئے مطالبات کاحوالہ دیتے ہوئے گورنرنے کہاکہ اس سال کرم ایجنسی کیلئے 1 ارب 69 کروڑروپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سے تعلیم کیلئے 47کروڑ٬ شعبہ صحت کیلئے ساڑھے 8 کروڑ جبکہ مواصلات کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے 69 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

انہوںنے 27ملین روپے کی لاگت سے تعمیرشدہ کرم ایجنسی ہائیڈل پاور سٹیشن کا افتتاح بھی کیاجس سے نہ صرف 150KW بجلی پیداہوگی بلکہ علاقے میں وسیع زرعی رقبہ بھی سیراب کیاجاسکے گا۔ گورنرنے 170 ملین روپے کی لاگت سے گورنرماڈل سکول پاراچنار اور گورنر ماڈل سکول صدہ کابھی افتتاح کیا۔ انہوںنے 63 ملین روپے کی لاگت سے پاراچنار تاکراہ خیلہ روڈ کی تعمیرکابھی افتتاح کیا جبکہ ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی وارڈ کی تعمیراور صدہ میں علی زئی ڈگری کالج اور ایریگیشن سکیم کابھی افتتاح کیا۔

انہوں نے واپڈا حکام کو صدہ گرڈاسٹیشن کو 66kv سے 132kvتک اپ گریڈکرنے کی ہدایت کی۔ گورنرنے کرم ایجنسی کے سکولوں اور ہسپتالوں میں اساتذہ اور ڈاکٹروں کی کمی کوپورا کرنے کیلئے بھی متعلقہ حکام ہدایات جاری کیں۔انہوںنے کرم ایجنسی میں 42 جزوی طور پر متاثرہ سکولوں کی بحالی کیلئے بھی 10 کروڑ 24 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا جبکہ کرم ایجنسی کے تعلیمی اداروں میں سہولیات بہتر بنانے کیلئے 13 کروڑ 17 لاکھ روپے بھی دینے کی منظوری دی۔

گورنرنے کہاکہ کرم ایجنسی میں آبنوشی کے مسائل حل کرنے کیلئے بھی 3 مختلف منصوبوں کے تحت 10 کر وڑ 64 لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں جس میں آبنوشی کی متاثرہ سکیموں کی بحالی بھی شامل ہے۔ دریں اثناء پولیٹیکل ایجنٹ کرم ایجنسی اکرام اللہ خان نے گورنر کاٹیج پاراچنار میں گورنرکو کرم ایجنسی میں متاثرین کی واپسی٬بحالی و تعمیرنو کے اقدامات اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔