پنجاب میں ڈینگی اور سموگ کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے ‘ خواجہ سلمان رفیق

اسلام آباد ٬ راولپنڈی ٬ لاہوراور دیگر شہروں میں ڈینگی کے مریض کم رپورٹ ہو رہے ہیں٬بھارتی پنجاب میں 32 ملین ٹن کھیتوں کا ویسٹ جلایا گیا‘ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت

پیر 7 نومبر 2016 20:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور اسلام آباد ٬ راولپنڈی ٬ لاہوراور دیگر شہروں میں ڈینگی مریضوں کا تناسب نصف رہ گیا ہے٬ تاہم موسم خشک ہونے اور دن کے درجہ حرارت میں نمایا ں کمی نہ ہونے کی وجہ سے ڈینگی سیزن دسمبر تک چلنے کا امکان ہے۔

اُنہوں نے یہ بات یہاں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں پیر اشرف رسول MPA ٬ ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید ٬ محکمہ ماحولیات کے سیکرٹری کیپٹن (ر)سیف ٬ محکمہ صحت اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران اور ڈی سی او لاہور نے شرکت کی۔ دیگر اضلاع کے ڈی سی او ز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں اپنے اضلاع میں ڈینگی کی صورتحال اور اس کی روک تھام کے اقدامات بارے رپورٹ پیش کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی رپورٹنگ کا تناسب نصف رہ گیا ہے۔ اور صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ مزید برآں ہسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی کے مریض بھی کم ہو گئے ہیں۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ لاہور میں بھی آئوٹ ڈور میں ڈینگی لاروا کم ہو گیا ہے۔ تاہم ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے۔

پروفیسر وسیم اکرم نے کہا کہ جہا ں ضرورت ہو ٹارگٹ فوگنگ اور اِنڈور سپرے کیا جائے ۔ تاکہ گھروں کے اندر ڈینگی مچھر کا خاتمہ کیا جا سکے۔سیکرٹری ماحولیات کیپٹن (ر) سیف نے بتایا کہ ناسا اور دیگر انٹر نیشنل اداروں کے مطابق بھارتی پنجاب میں چاول کی فصل کی کٹائی کے بعد تقریباً 32 ملین ٹن کھیتوں کا ویسٹ نظر آتش کیا گیا جس کی وجہ سے فضائی آلودگی اور سموگ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا۔

تاہم ہوا کا رخ تبدیل ہونے اور کھیتوں کی آگ بجھ جانے سے لاہور اور دیگر شہروں میں سموگ کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ سیکرٹری ماحولیات نے مزید بتایا کہ لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں دھواں و آلودگی پیدا کرنے والی فیکٹریوں اور کارخانوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بارش نہ ہونے کی وجہ سے آلودگی برقرار ہے اور ڈینگی کا سیز ن بھی طوالت اختیار کر سکتا ہے ۔ اُنہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے انسداد ڈینگی کی سر گرمیاں جاری رکھیں۔ تاکہ صورتحال قابو میں رکھے۔

متعلقہ عنوان :