افغان قونصلر جنرل کی وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخواسے ملاقات

افغان ہمارے پختون ٬مسلمان بھائی ہیں جو تاریخی لحاظ سے گہرے مذہبی٬ثقافتی اور جغرافیائی رشتوں میں منسلک ہیں ٬عنایت اللہ

پیر 7 نومبر 2016 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء)افغان قونصلر جنرل ڈاکٹر عبداللہ وحید پوھان نے سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ سے ان کے دفتر پشاور میں ملاقات کی ٬وہ کچھ دیر ان کے ہمراہ رہے۔اس موقع پر انہوں نے افغان مہاجرین کی وطن واپسی اور پاک افغان تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

عنایت اللہ نے افغان مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے مرکزی حکومت سے کہا کہ افغان مہاجرین کو ان کی مرضی کے مطابق اور باعزت طریقے سے رخصت کیاجائیگا اور پولیس کے ذریعے ان کی پکڑ دھکڑ اور ان کو بے تنگ کرنیکا سلسلہ بند کیاجائے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ افغان ہمارے پختون اور مسلمان بھائی ہیں جو کہ تاریخی لحاظ سے گہرے مذہبی٬ثقافتی اور جغرافیائی رشتوں میں منسلک ہیں اور دوستانہ ا ور اچھے تعلقات دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف امن و امان کی صورتحال بلکہ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات انتہائی ناگزیر ہیں اور دونوں ممالک کسی بھی صورت خراب تعلقات کے متحمل نہیں ہو سکتے۔