صوبائی وزیر سماجی بہبود کی زیر صدارت یونیورسل چلڈرن ڈے سے متعلق اجلاس

پیر 7 نومبر 2016 19:39

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود شمیم ممتاز کی زیر صدارت یونیورسل چلڈرن ڈے کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ مطابق اجلا س میں سیکریٹری سماجی بہبود ڈاکٹر شیریں مصطفی٬ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد رحیم لاکھو٬ ڈپٹی ڈائریکٹر چائلڈ ویلفیئر فوزیہ معصوم و دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سماجی بہبود شمیم ممتاز نے کہا کہ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ان کے حقوق کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ سول سوسائٹی اور والدین پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بچوں کی آدھی آبادی اسکول نہیں جاتی٬ انہیں منشیات کی ترسیل٬ گداگری٬ جبری مشقت سمیت جنسی تشدد کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

بچوں کے حقوق سے متعلق آگا ہی دینے کی ضرورت ہے۔ انہو ں نے ہدا یت دی کہ یونیورسل چلڈرن ڈے کو شایان شان طر یقے سے منانے کے لئے 14سے 20 نومبر تک چلڈرن ویک منایا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ صو بہ بھر میں ضلعی سطح پر محکمہ سماجی بہبود کے تحت سیمینار٬ ورکشاپ٬ آگاہی واک٬ تقریری اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پمفلٹ ٬پوسٹرز٬ بینرز اور میڈیا میں تشہیری مہم چلائی جا ئے۔ صوبا ئی وزیر نے کہا کہ ہر ضلع میں ایک دیوار کی نشاندہی کی جائے اور اس پر اقوام متحدہ کی جانب سے بچوں کے حقوق کے آرٹیکل بچوں سے لکھوائے جائیں۔