آپریشن میں مذہبی مقامات کی بے حرمتی نہیں کی گئی٬ گورنر سندھ

پیر 7 نومبر 2016 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے٬ جبکہ آپریشن میں مذہبی مقامات کی بے حرمتی نہیں کی گئی٬ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی مسلمان ہیں۔ اہلکار بھی مذہبی جگہوں کا اتنا ہی احترام کرتے ہیں جتنا ہم احترام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے لیاری ایکسپریس وے نارتھ باونڈ ٹریک اور اورنج و گرین لائن منصوبے پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں امن کو یقینی بنایا جائے گا٬ جبکہ شہر میں دیرپا امن کے لئے کام کر رہے ہیں٬ لوگوں کے درمیان موجود تلخیاں ختم کریں گے۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ شہر اور ملک کی بہتری کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ ڈپٹی مئیر سے کہا ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو وقت پر پورا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں پارکوں کی صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :