افغان قونصلر جنرل کی سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ سے ملاقات

پیر 7 نومبر 2016 19:16

پشاور۔07نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء)افغان قونصلر جنرل ڈاکٹر عبداللہ وحید پوھان نے پیر کے روز سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ سے ان کے دفتر پشاور میں ملاقات کی ٬وہ کچھ دیر ان کے ہمراہ رہے۔اس موقع پر انہوں نے افغان مہاجرین کی وطن واپسی اور پاک افغان تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

عنایت اللہ نے افغان مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے مرکزی حکومت سے کہا کہ افغان مہاجرین کو ان کی مرضی کے مطابق اور باعزت طریقے سے رخصت کیاجائے اور پولیس کے ذریعے ان کی پکڑ دھکڑ اور ان کو بے تنگ کرنیکا سلسلہ بند کیاجائے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ افغان ہمارے پختون اور مسلمان بھائی ہیں جو کہ تاریخی لحاظ سے گہرے مذہبی٬ثقافتی اور جغرافیائی رشتوں میں منسلک ہیں اور دوستانہ ا ور اچھے تعلقات دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف امن و امان کی صورتحال بلکہ تجارتی اور معاشی سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات انتہائی ناگزیر ہیں اور دونوں ممالک کسی بھی صورت خراب تعلقات کے متحمل نہیں ہو سکتے۔