عامرعطا باجوہ یو بی جی کی جانب سے ایف پی سی سی آئی الیکشن میں سینئر نائب صدر کے امیدوار نامزد

ملک منظور٬شوکت مسعود٬حاجی عطالرحمٰن٬ولی محمد٬معصومہ سبطین نائب صدر کے امیدواروں کی نامزدہوئے٬ترجمان گلزار فیروز

پیر 7 نومبر 2016 19:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی ) کی سینٹرل کورکمیٹی نے ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر کیلئے پنجاب کے کوٹے پر سرگودھا چیمبر کے نمائندے عامرعطاباجوہ کو متفقہ طور پرامیدوار نامزد کردیا ٬یو بی جی کی مرکزی کورکمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز اسلام آباد میں فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے صدر عبدالرئوف عالم کی رہائشگار پر چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر خصوصی طور پر شریک ہوئے جبکہ یو بی جی کے سیکرٹری جنرل اور صدارتی امیدوار زبیر طفیل٬ ریاض الدین شیخ٬ سینیٹر الیاس بلور٬ میاں محمدادریس٬ظفر بختاوری٬ شیخ بشیر٬حمید اختر چڈھا٬ یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز٬عامرعطا باجوہ٬مرزا اختیار بیگ٬خالد تواب٬ ملک سہیل حسین٬ عبدالسمیع خان٬انجینئر دارو خان٬جمعہ خان٬ملک خدا بخش٬نسیم الرحمٰن٬حاجی افضل٬آفتاب برلاس٬خواجہ ضرار کلیم٬اسد مشہدی٬ پرویز لالہ٬ڈاکٹر نعمان بٹ٬احمدچنائے٬ممتاز شیخ٬نوراحمدخان٬شکیل ڈھینگڑا٬شیریں ارشد٬معصومہ سبطین٬شبنم ظفر٬سعیدہ بانواور دیگرممبران شریک تھے۔

(جاری ہے)

فیڈریشن چیمبر کیلئے صوبوں سے نائب صدور کیلئے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیااوراجلاس میں یو بی جی رہنمائوں کی جانب سے امیدواروں کی نامزدگی کے عمل میں جمہوری تقاضوں کو پورا کرنے کو سراہا گیا ۔یونائٹیڈ بزنس گروپ کے ترجمان گلزار فیروز کے مطابق اجلاس میں عامرعطاباجوہ کے مقابل کوئی دوسرا امیدوار نہ ہونے کے باعث متفقہ طور پر انہیں سینئرنائب صدارت کیلئے امیدوار نامزد کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب سے شیخوپورہ چیمبر کے ملک منظور٬اسلام آباد سے شوکت مسعود٬ایسوسی ایشن کے کوٹے پرملتان سے حاجی عطالرحمٰن ٬بلوچستان سے پشین چیمبر کے ولی محمد اور ویمن چیمبر کے کوٹے پر ویمن چیمبر ملتان سے معصومہ سبطین کو نائب صدر کیلئے امیدوار نامزد کیا گیا ہے ۔

اجلاس میں کورکمیٹی نے فیڈریشن کے آئندہ انتخابات میں یو بی جی کے صدارتی امیدوار زبیرطفیل کو بزنس کمیونٹی اور بالخصوص ایکسپورٹرز کے سیلزٹیکس ریفنڈز دلوانے کیلئے کی گئی مسلسل جدوجہد پرخراج تحسین پیش کیاگیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ فیڈریشن سے ہم نے کرپشن اور بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا ہے لیکن ماضی میں لوٹ مارکرنے والے فصلی بٹیرے پھر سے یکجا ہورہے ہیں مگریو بی جی کو الیکشن جیتنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی کیونکہ جمہوری انداز میں الیکشن لڑتے ہیں پچھلے دروازوں سے اقتدار حاصل نہیں کرتے ۔

انھوں نے کہا کہ یو بی جی میں جمہوری ماحول ہے جہاں تمام فیصلے باہمی رضامندی سے کئے جاتے ہیں٬ ہمارے ساتھ فیڈریشن میں مزید لوگ شامل ہورہے ہیں اور ہمارے گروپ کی طاقت مزید مضبوط ہورہی ہے٬ہری پور چیمبر ہمرے ساتھ شامل ہوگیا ہے جبکہ پنڈی چیمبر بھی فعال ہوچکا ہے۔یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ ہمارے گروپ کے مقابل امیدوار چاہے کتنا ہی کمزور کیوں نہ ہو لیکن ہم الیکشن بھرپور انداز میں لڑیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم رنگ ونسل اور زبان سے بالاتر رہ کر بزنس کمیونٹی کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور مستقبل میں بھی کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ ہم یو بی جی میں ہونے والے تمام فیصلوں کو منظور کرتے ہیں اور آئندہ بھی تمام فیصلے جمہوری تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :