بچیوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے٬ بیگم محمودہ ممنون حسین

اسلامی تہذیب میں ایک بہترین معاشرے کی تشکیل میں خواتین بنیادکی حیثیت رکھتی ہیں٬ بچیاں سیاست کے ایوانوں سے لے کر کھیل کے میدان تک زندگی کے ہر شعبے میں کارہائے نمایاں سرانجام دے رہی ہیں٬خاتون اول کا تقریب سے خطاب

پیر 7 نومبر 2016 18:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) خاتونِ اوّل پاکستان بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا ہے کہ بچیوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور ملک کی ترقی میں کردارے ادا کرنے کے لیے بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے جب تک خواتین کو زندگی کے مختلف شعبہ جات میں اس کی افرادی قوت کا حصہ نہیں بنایا جائے گا اور ان کو یکساں مواقع فراہم نہیں کیے جائیں گے تب تک ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔

بیگم محمودہ حسین نے یہ بات پاکستان ریڈ کریسنٹ کے زیراہتمام انٹرنیشنل گرل چائلڈ ڈے کے موقع پرایوان صدر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ ڈاکٹر سعید الہی نے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ اسلامی تہذیب میں ایک بہترین معاشرے کی تشکیل میں خواتین بنیادکی حیثیت رکھتی ہیں٬ یہی وجہ ہے کہ اسلامی معاشرے میں بیٹیوں کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے اوران کی زندگی کا تحفظ کیا گیاہے۔

انھوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے آئین کے تحت خواتین کو بھرپور تحفظ فراہم کیا گیا ہے اور ملک میں جنس کی بنیاد پر کسی سے کوئی امتیاز روا نہیں رکھا گیا ہیاور بلا امتیاز سب کو برابر حقوق دیے گئے ہیں۔ بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ بچیاں سیاست کے ایوانوں سے لے کر کھیل کے میدان تک زندگی کے ہر شعبے میں کارہائے نمایاں سرانجام دے رہی ہیں۔

ان کی کامیابیوں اور کارناموں کی وجہ سے ہمارا سر فخر سے بلند ہے اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں ملالہ یوسف زئی٬ شازیہ پروین٬ شرمین عبید٬ حدیقہ شبیر اور ثمینہ بیگ کی طرح مزید کامیابیاں حاصل کر کے ملک و قوم کو نام روشن کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اپنی بچیوں کی تعلیم وترقی اور بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتی ر ہی ہے۔

ہم یہ بھی توقع رکھتے ہیں کہ ہماری بچیاں اور خواتین اپنی دینی اور تہذیبی روایات پر کاربند رہتے ہوئے ترقی کا سفر جاری رکھیں گی اور مادرِملت محترمہ فاطمہ جناح کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک کی ترقی و استحکام اور جمہوریت کی بالا دستی کے لیے بھی اپنے حصے کا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ بیگم محمودہ ممنون حسین نے ا پاکستان ہلال احمر کی سرگرمیوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ بچیوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں جسمانی اور ذہنی ترقی کے لئے قومی فٹ بال ٹورنامنٹ کا باقاعدگی سے انعقادکرتے رہیں گے ۔

انھوں نے انجمن ہلالِ احمر کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی کو بھی مبارک باددیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انجمن میں وومن فورم قائم کرکے بچیوں کی رہنمائی اور ترقی کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم قائم کر دیا ہے۔اس موقع پر بیگم محمودہ ممنون حسین نے خصوصی خواتین کو وہیل چئیرز بھی دیں اور زور دیاکہ وہ آئندہ ایسے مستحق افراد کی خدمات جاری رکھیں۔خاتون اول نے خواتین کی قومی فٹ بال ٹورنامنٹ کے فاتحین کے درمیان تمغے اور انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :