پاکستان اور بلوچستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ٬ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے بلوچستان کے گوادر سے لیکر شیرانی تک تمام علاقوں کے لوگ استفادہ کرینگے٬ جو لوگ پہاڑوں میں بیٹھے ہیں اور انڈیا سے ملکر پاکستان کے خلاف لڑرہے ہیں ہتھیار ڈالنے والے انہیں بتا دیں کہ وہ واپس آجائیں اور جو لوگ قومی دھارے میں واپسی کیلئے تیار ہے ہم انہیں عزت و پیار سے گلے لگادینگے٬کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا 200سے زائد فراریوں کے ہتھیار ڈالنے اور قومی دھارے میں شامل ہونے کے موقع پر تقریب سے خطاب

پیر 7 نومبر 2016 18:50

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے بلوچستان کے گوادر سے لیکر شیرانی تک تمام علاقوں کے لوگ استفادہ کرینگے۔ جو لوگ پہاڑوں میں بیٹھے ہیں اور انڈیا سے ملکر پاکستان کے خلاف لڑرہے ہیں ہتھیار ڈالنے والے انہیں بتا دیں کہ وہ واپس آجائیں اور جو لوگ قومی دھارے میں واپسی کیلئے تیار ہے ہم انہیں عزت و پیار سے گلے لگادینگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں 200 سے زائد فراریوں کے ہتھیار ڈالنے اور قومی دھارے میں شامل ہونے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ صبح کا بھولا اگر شام کو گھر واپس آجائیں تو اسے بھولا نہیں کہتے پاکستان کا دل بہت بڑا ہے ہم واپس آنے والے لوگوں کو سینے سے لگانے کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ہتھیار ڈالنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں انہیں سرنڈر نہیں بلکہ واپسی کہتاہوں اور آپ لوگوں نے غلط راستے سے صحیح راستے کی طرف واپسی کی ہے جس پر آرمی چیف کی طرف سے مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بلوچستان پچھلے دس سال سے دہشت گردی کا شکار ہیں مگر مجھے کامل یقین ہے کہ پاکستان و بلوچستان کے لوگ ٬ طالب علم سول سوسائٹی ٬ دانشور ٬ بہادر نوجوان سمیت معاشرے کے تمام افراد ملکر مسائل پر قابو پائینگے ۔ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ جو لوگ پہاڑوں میں بیٹھے ہیں اور انڈیا سے ملکر پاکستان کے خلاف لڑرہے ہیں ہتھیار ڈالنے والے انہیں بتا دیں کہ وہ واپس آجائیں اور جو لوگ قومی دھارے میں واپسی کیلئے تیار ہے ہم انہیں عزت و پیار سے گلے لگادینگے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایک اسلامی فلاحی ریاست بننا ہے جس کیلئے زندگی کے تمام طبقات کے لوگوں کو اپنا کردار ادا کرناچاہئے۔