ہیلی کاپٹر سے جھیل میں گرنے کا اسٹنٹ کرتے ہوئے دو اداکار ڈوب کر مر گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 7 نومبر 2016 18:13

ہیلی کاپٹر سے جھیل میں گرنے کا اسٹنٹ کرتے ہوئے دو اداکار ڈوب کر مر گئے

بنگلورو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07 نومبر 2016ء): فلم انڈسٹری میں فلموں بالخصوص ایکشن فلموں میں اسٹنٹس نہ ہوں تو انہیں شائقین کے لیے عدم دلچسپی کا باعث سمجھا جاتا ہے۔ فلموں میں خطرناک کرتب جنہیں اسٹنٹ بھی کہا جاتا ہے ، کرنے کے لیے خصوصی طور پر مختلف اسٹنٹ ماہرین کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ لیکن اسی طرح کا ایک اسٹنٹ کرتے ہوئے بھارتی ریاست بنگلورو کے مغرب میں دو اداکار اپنی جان کی بازی ہار گئے۔

(جاری ہے)

دونوں اداکاروں کو ہیلی کاپٹر سے چھلانگ لگا کر جھیل میں اُترنا تھا اور انہوں نے ایسا ہی کیا لیکن چھلانگ لگانے کے بعد انہیں دوبارہ نہیں دیکھا جا سکا۔ فلم ”ماستی گڈی“ کے ہیرو وجے نے بھی انہی دونوں اسٹنٹ مین کے ساتھ جھیل میں چھلانگ لگائی لیکن وہ کچھ ہی لمحوں کے بعد جھیل کی سطح پر آ گئے جبکہ باقی دونوں انیل اوراودھے نامی اسٹنٹ مین جھیل میں ہی کہیں گُم ہو گئے۔ دونوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کے زندہ بچ جانے کے امکانات نہایت کم ہیں۔