سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے اپنے طالب علموں کی قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں ذہنی تربیت کی ہے٬گریس ڈبلیو شیلٹن

یونیورسٹی آج بھی اسی بنیاد پرمستقبل کے لیڈرس پیدا کرنے کیلئے ان کے ذہنوں کو ایک شکل دینے میں مصروف عمل ہے٬امریکی قونصل جنرل

پیر 7 نومبر 2016 17:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) امریکی قونصل جنرل مس گریس ڈبلیو شیلٹن نے کہا ہے کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے اپنے طالب علموں کی قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار کی روشنی میں ذہنی تربیت کی ہے٬ اور یہ یونیورسٹی آج بھی اسی بنیاد پرمستقبل کے لیڈرس پیدا کرنے کیلئے ان کے ذہنوں کو ایک شکل دینے میں مصروف عمل ہے۔

پیر کو سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے طالب علموں اور فیکلٹی ارکان سے یونیورسٹی کے سر شاہنوا ز بھٹو آڈیٹوریم میں خطاب کرتے ہوئے مس گریس ڈبلیو شیلٹن نے کہا کہ میںسندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی بہت مشکوروممنون ہوں جنہوںنے انہیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی مادر علمی کو دیکھنے٬ اور یہاں کے طلباء ٬ اساتذہ اور ڈین سے ملاقات کا موقع فراہم کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے طالب علم خوشنصیب ہیں جو بانی پاکستان کی مادر علمی میں زیر تعلیم ہیں۔ میس گریس شیلٹن نے مزید کہا کہ و ہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی اس بات سے متاثر ہوئیں٬ جس میں انہوںنے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کو ’’لیڈرس کی نرسری‘ قرار دیا۔ مس گریس نے کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے طالب علم اپنی مادرعلمی سے ابھر کر اپنے ملک کے روشن مستقبل کے لیے کام کریں گے۔

پاکستان کے تعلیمی شعبے سے امریکہ کے تعاون پر بات کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل مس گریس ڈبلیو شیلٹن نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ دیگر شعبوں میں تعاون کررہاہے٬ لیکن اب ا ن کی اولین ترجیح تعلیم ہے۔ کیونکہ تعلیم سے ہی پاکستان پرامن٬ خوشحال اور جمہوری ملک بن سکتا ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے انتہا صلاحیتیں ہیں٬ جو علم سے پیار کرتے ہیں٬ اپنی فیملیز ٬ کمیونٹیز اور اپنے ملک کا احترام کرتے ہیں۔

امریکی قونصل جنرل مس گریس ڈبلیو شیلٹن نے مزید کہا کہ امریکہ پاکستان میں بنیادی تعلیم باالخصوص لڑکیوں کی تعلیم کے ساتھ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بھی پاکستان سے تعاون کررہاہے۔ اس ضمن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی معرفت طالب علموں کو اسکالرشپس دی جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستانی نوجوانوں کو انگریزی زبان سکھانے کے ساتھ یہاں کے نوجوانوں کو فل برائٹ اسکالرشپس بھی دی جاتی ہیں٬ جن کا تعداد دنیا کے باقی ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

قبل ازیں ڈاکٹر محمد علی شیخ نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیاں تعاون کو فروغ دینا چاہیئے۔ انہوںنے کہا کہ امریکہ کا نظام تعلیم دنیا کے تمام ممالک سے بہت بہتر ہے۔ ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہاکہ آج کا دور بین الاقوامی سطح پر رابطوں اور تعاون کا دور ہے٬ جس کو ترجیح دینے سے ہم مستقبل کے بہترین لیڈرس پیدا کرسکیں گے۔

سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے مزید کہا کہ سندھ مدرسہ نے گذشتہ ایک سو اکتیس برسوں سے ملک کے ہرشعبے کو رہنماپیدا کرکے دیے ہیں٬ یہاں تک کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی سندھ مدرسہ سے ہی تعلیم حاصل کی تھی۔ انہوںنے کہا کہ سندھ کی آٹھ ہزار سال قدیم تہذیب ہے٬ جہاں کے لوگ پرامن اور روشن خیال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سندھ کی تعلیم میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے امریکی قونصل جنرل مس گریس ڈبلیو شیلٹن اور امریکی قونصلیٹ کے شعبہ پبلک ڈپلومیسی کے مسٹر جان کو سندھ کے روایتی ثقافتی تحائف اور اپنی تحریر کردہ کتابوںکا تحفہ دیا۔ جبکہ مس گریس ڈبلیو شیلٹن نے بھی اس موقع پر ڈاکٹر محمد علی شیخ کو تحائف دیے۔ اس موقع پر مس گریس ڈبلیو شیلٹن نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کی جناح میوزیم کا بھی دورہ کیا٬ جہاں انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے تعلیمی رکارڈ اور دیگر یادگار اشیاء میں بڑی دلچسپی لی۔

متعلقہ عنوان :