صوبائی سطح پر اینٹی کرپشن بل کی منظوری سے کرپشن کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند کئے جاسکیں گے

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستا ن کا صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

پیر 7 نومبر 2016 16:52

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستا ن حافظ حفیظ الرحمٰن نے صوبائی کابینہ کے 6ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی سطح پر اینٹی کرپشن بل کی منظوری سے کرپشن کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند کئے جاسکیں گے جس کیلئے اینٹی کرپشن کورٹس بھی قائم کئے جائیں گے۔اینٹی کرپشن سیل کے قیام سے کرپشن کیخلاف بروقت کارروائی کی جاسکے گی۔

30دنوں میں کرپشن کیخلاف انکوائری مکمل کی جائے گی اور کرپشن کی نشاندہی کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سابق حکومت نے گندم سبسڈی کی مد میں پاسکو کو ایک روپیہ ادا نہیں کیا جس کی وجہ سے پاسکو کے 35ارب کے بقایا جات ہیں۔ وفاق میں مسلم لیگ ن کی حکومت کے قیام کے بعد وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے سبسڈی کی رقم بجٹ میں صوبے کو مختص کی ۔

(جاری ہے)

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے غریبوں کو مزید رعایت دی جائے گی اس حوالے سے مثبت بات یہ بھی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے بھی ٹارگٹڈ سبسڈی کے حوالے سے حکومت کو درخواستیں دیں ہیں۔ صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے مقامی کسانوں سے گندم کی خریداری کا فیصلہ کیا گیا تھا جس پر اس سال پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز کیا جارہاہے محکمہ زراعت کی بہترین کارکردگی اور پالیسی کی وجہ سے بلتستان میں پہلی مرتبہ ایک کنال زمین سے 9من گندم حاصل کی گئی جس کیلئے تصدیق شدہ بیچ پنجاب ایگریکلچر سنٹرل سے کسانوں کو فراہم کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ محکمہ خوراک کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور کرپشن کی روک تھام کیلئے سٹاف کی کمی دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پہلی مرتبہ یونین کونسل کی سطح پر ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے صوبائی سطح پر ڈیٹا بیس مرتب کیا جائے گا تاکہ صوبائی سطح پر تمام یونین کونسلوں کا ڈیٹا جمع کیا جاسکے۔صوبے میں ڈاکٹروںکی کمی کو دور کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے اقدامات کئے ہیں اور مراعاتی پیکیج کی منظوری دی ہے جس کی وجہ سے 120ڈاکٹروں نے گلگت بلتستان آکر خدمات سرانجام دینا شروع کیا ہے۔

پرائیویٹ سطح پر سود کے کاروباری کی روک تھام اور انسانوں کی عزت مجروع ہونے سے روکنے کیلئے پرائیویٹ سود کو تعزری جرم بنانے کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوںکی بروقت تکمیل اور منصوبوں کی مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے 3کروڑ تک کے منصوبوں کی منظوری کے اختیارات کو ڈویژنل سطح پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کے عمل میں تیزی لائی جاسکے گی۔

محکمہ اطلاعات کو فعال بنانے کیلئے سیکرٹری انفارمیشن٬ سیکرٹری سوشل ویلفیئر٬ ویمن ڈویلپمنٹ٬ انسانی حقوق اور بورڈ آف ریونیو کے قیام کی منظوری سے محکمہ اطلاعات کو فعال بنایا جاسکے گا اور ریونیو کے مسائل حل کئے جاسکیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے شہداء گیاری کے لواحقین کیلئے اعلان کردہ پیکیج کے مطابق صوبائی حکومت نے پالیسی کی منظوری دی ہے جس کے تحت شہداء گیاری کے لواحقین کو سرکاری ملازمتیں دی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :