دیہی علاقوں میں ڈینگی کے خلاف خصوصی مہم ختم ہوگئی

پیر 7 نومبر 2016 16:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) محکمہ صحت اسلام آباد کے زیر اہتمام اور محکمہ صحت پنجاب کے تعاون سے دیہی علاقوں میںڈینگی کے خلاف خصوصی مہم پیر کو اختتام پذیر ہوگئی ۔اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران ڈینگی کے ماہرین کو تعریفی اسناد اور شیلڈز دی گئیں۔اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ماہر وبائی امراض ڈاکٹر نجیب درانی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ دیہی علاقوں میںڈینگی کے خلاف خصوصی مہم 21 اکتوبرکو شروع کی گئی جو7نومبر کو اختتام پذیر ہوئی۔

خصوصی مہم کے دوران ملیریا انسپکٹر٬ سپروائزر اور دیگر عملہ نے خدمات سرانجام دیں جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز نے گھروں کے اندر ڈینگی لاروا کو تلف کیا۔ اسلام آباد کے دیہی علاقے کی 4 یونین کونسلوں ترلائی٬روات٬کورال اورسوہان میں ڈینگی کے زیادہ کیسز رونما ہونے کی وجہ سے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ صحت پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل نی4 ڈینگی مچھر کے ماہرین22اکتوبر کو یہاںبھیجے اورپنجاب کے ماہرین نے اسلام آباد کی ٹیموں کو ڈینگی کے حوالے سے بھر پور تربیت دی٬ پنجاب کے ماہرین بھی پیر کو مہم مکمل ہونے کے بعد لاہور واپس چلے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم محکمہ صحت پنجاب کے بے حد شکر گذار ہیں جنہوں نے اسلام آباد کی ڈینگی ٹیموں کو تربیت دی۔ رواں سیزن کے دوران اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 1630 جبکہ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں 200سے زائد ڈینگی کے مریضوں میں وائرس پایا گیا جس کا علاج بے نظیر ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال میں کیا گیا اور تمام مریض صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ رواں ڈینگی سیزن کے دوران ترلائی میں ایک شخص کی موت ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ خصوصی مہم کے بعد جن مریضوں میں ڈینگی کا وائرس پایا جائے گا محکمہ صحت اسلام آباد ان کے علاج معالجہ کا بندوبست کرے گا۔ ڈاکٹر نجیب درانی نے کہا کہ موسم کی تبدیلی اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کیلئے خوش آئند ہے کیونکہ محکمہ صحت اسلام آباد کے گذشتہ پانچ سال کے ڈیٹا کے مطابق ڈینگی کا دورانیہ 12 نومبر تک ہوتا ہے اس کے بعد مچھر ختم ہو جاتا ہے کیونکہ وہ کسی کو کاٹ نہیں سکتا۔

انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ گھروں کے اندر مچھر مار سپرے کریں کیونکہ یہ موسم ڈینگی کیلئے خطرناک ہے کیونکہ مچھر ٹھنڈی جگہوں کی بجائے گرم مقامات پر ٹھکانہ بنا لیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اسلام آباد نے ڈینگی کے 500 سے زائد رسپانس کیسسز کو کمپیوٹر ڈیش بورڈ پر ڈال دیا ہے٬اب اسلام آباد اور پنجاب کے شعبہ صحت کے ماہرین ڈیش بورڈ پر ڈینگی رسپانس کیسسز کو دیکھ سکتے ہیں۔

ڈاکٹر نجیب درانی نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا اور اسلام آباد کی ٹیموں کو ڈینگی رسپانس کیسسز ڈیٹا کمپیوٹرائز کے لئے ہدایت کی تھی اور اس حوالے سے ٹیموں کو تربیت بھی دی ۔دریں اثناء یہاں پرمحکمہ صحت اسلام آباد نے محکمہ صحت پنجاب کے ڈینگی مچھر کے ماہرین اغزاز میں اے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں محکمہ صحت اسلام آباد اور محکمہ صحت پنجاب کے حکام نے شرکت کی۔اس دوران پنجاب کے ڈینگی مچھر کے ماہرین کی کارکردگی کو سراہا گیا۔محکمہ صحت اسلام آباد نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف محکمہ صحت پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل کی کاوشوں کو بھی سراہا جنہوں نے خصوصی دلچسپی ظاہر کرکے اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی سے متاثرہ یونین کونسلوں میں اہم کر دار ادا کیا۔ محکمہ صحت اسلام آباد نے پنجاب ڈینگی مچھر کے ماہرین کو تعریفی اسناد اور شیلڈ پیش کی۔