سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے دورہ سے پاک بحرین تعلقات کو نئی تقویت ملے گی‘ دورہ دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا٬جاوید ملک

پیر 7 نومبر 2016 16:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے کہاہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے دورہ سے پاکستان اور سلطنت بحرین کے مابین تعلقات کو نئی تقویت ملے گی۔ یہاں موصولہ پیغام میں پاکستان کے سفیرجاوید ملک نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد کے تین روزہ سرکاری دورہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ اس دورے کی دعوت بحرین کے نمائندگان کی کونسل کے سپیکر احمد ابراہیم الملا نے دی ہے جودونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات کے استحکام٬ فروغ اور وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

دورہ کے دوران سپیکر سردار ایاز صادق اپنے ہم منصب احمد ابراہیم الملا کے علاوہ بحرین کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین علی بن صالح الصالح سے ملاقاتیں کریں گے اور بحرین کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے پاکستان بحرین مشترکہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کیا‘ گروپ کے ارکان دورہ کے دوران سپیکر سے ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی رابطوں کو مزید وسیع تر بنانے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کریں گے۔

یہ فرینڈشپ گروپ نہ صرف دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ پاکستان بحرین کے عوام کی راہیں بھی ہموار کر رہا ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق کی اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے حوالے سے پاکستانی سفیر جاوید ملک نے کہاکہ سردار ایاز صادق بحرین کے فرمانروا شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ٬ شہزادہ بن سلمان الخلیفہ اور ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد الخلیفہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور دونوں ممالک کے مابین مضبوط٬ برادرانہ اور وسیع تر تعلقات کے حوالے سے پاکستان کے عوم کا اعادہ کریں گے اور بحرین اور خلیجی ممالک کے تعاون کی کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالیں گے۔

سپیکر ایاز صادق اپنے دورہ کے دوران بحرین کے وزیر داخلہ شیخ راشد الخلیفہ اوردیگر وزراء سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ جاوید ملک نے کہاکہ پاکستانی سفارتخانہ نے پاکستانی برادری کی جانب سے استقبالیہ کا بھی اہتمام کیا ہے جس سے پاکستانی برادری کو سپیکر اور ان کے ساتھ آئے وفد سے ملاقات کا بھی موقع ملے گا۔ پارلیمانی وفد میںارکان قومی اسمبلی محمد اعجاز الحق٬محمد رشید٬ ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ٬ شہناز سلیم ملک ٬عائشہ سید٬سلطان محمود ہنجرہ٬ مزمل قریشی٬ فقیر شیر بلالانی اور ڈائریکٹر جنرل انور سیال شامل ہیں۔