چشمہ رائیٹ بینک کینال کی تعمیر و مرمت کیلئے 1700ملین روپے کا پی سی ون اور بھارہ بند کا پی سی ون واپڈا ہائوس لاہور بھجوادیا گیا ہے ٬مولانا فضل الرحمان

پیر 7 نومبر 2016 16:17

ڈیرہ اسما عیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2016ء) قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کے سربراہ ٬ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چشمہ رائیٹ بنک کینال کی تعمیر و مرمت کیلئے سترہ سو ملین روپے کا پی سی ون واپڈا ہائوس لاہور بھجوادیا گیا ہے جبکہ ٹانک کے دیرینہ عوامی مطالبہ بھارہ بند کا بھی پی سی ون واپڈا ہائوس لاہور بھجوادیا گیا ہے جس سے اس خطہ میں زرعی انقلاب آئے گاا ور سی آر بی سی کی ٹوٹ پھوٹ سے پانی کے ضیاع اور علاقہ کے وسیع زرعی رقبے کو درپیش خطرہ بھی ختم ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز ڈپٹی چیئر مین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے ہمراہ ڈیرہ اسما عیل خان میںپاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے معائینہ اور تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا٬ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اس خطہ کے عوام کے اجتماعی مسائل کے حل پر توجہ دی ہے٬ چشمہ رائیٹ بنک کینال متعدد مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی جس سے نہصرف پانی ضائع ہو رہا تھا بلکہ نہر کے ٹوٹنے اور قیمتی زرعی رقبہ کی تباہی کا بھی ایک خطرہ منڈلا رہا تھا اب سترہ سو ارب روپے کی لاگت سے تعمیراتی منصوبہ کا پی سی ون چیئر مین واپڈا کو منظوری کے لیئے بھجوادیا گیا ہے اور جلد ہی اس منصوبہ پر عملی کام شروع کردیا جائے گا٬ اسی طرح بھارہ بند منصوبہ کا پی سی ون بھی منظوری کے مراحل میں ہے٬ مولانا فضل الرحمان کو پنیالہ کے مقام پر قائم نیشنل لاجسٹک سیل کے کیمپ آفس میں راہداری کے مغربی روٹ کے تعمیراتی کام کی رفتار٬ معیار اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی گئی٬ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ راہداری اس خطہ کی قسمت بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گی٬ اس منصوبہ سے نہ صرف خیبرپختونخواہ بلکہ صوبہ بلوچستان کے ماضی میں نظر انداز کئے گئے اضلع بھی مستفید ہوں گے اور پورا خطہ معاشی آسودگی کا شکار ہوگا انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں اجتماعی اور اقتصادی ترقی کو مدنظر رکھ کر جو منصوبے بنائے جائیں وہ اہم کردار ادا کرتے ہیں٬ آنے والے دور میں قوموں پر غلبہ اقتصادی ترقی کے میدان میں ہی ممکن ہوگا٬ اگر ہم پاکستان کو عالم اسلام کی مظبوط قوت بنانے میں مخلص ہیں تو ہمیں اس ملک کو اخلاقی اور اقتصادی دونوں حوالوں سے مظبوط بنیادیں فراہم کرنا ہوں گی٬ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت کو صوبہ کی ترقی میں کسی قسم کی دلچسپی نہیں ہے٬ عمران خان جہاں پاکستان کو اخلاقی پستی کی جانب لے جانے میں سرگرم عمل ہیں٬ اسی طرح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نے ماضی میں دھرنا کو صوبہ کے اجتماعی مفادات پر فوقیت دیکر صوبہ کے عوام کے ساتھ زیادتی کی اور اب وہ اقتصادی روٹ کے بارے میں جس موقف کو اختیار کئے ہوئے ہیں اس سے بھی انکی حکومت کی نااہلی٬ صوبائی تعصب کو ہوا دینے کی مذموم سازش اور جنوبی اضلاع میں اقتصادی ترقی کے منصوبوں سے عوام میں جمعیت علماء اسلام کو ملنے والی پذیرائی سے پیدا ہونے والے حسد کی بو آرہی ہے٬ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے تعاون سے جنوبی اضلاع میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جس میں سب سے بڑا منصوبہ اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا ہے ٬ اسی طرح لکی میں یو نیورسٹی قائم کی جاری ہے٬ ڈیرہ اسما عیل خان میں مفتی محمود زرعی یونیورسٹی کے قیام میں پیش رفت تیزی سے جاری ہے٬ ٹانک میں گومل یو نیورسٹی کا کمپس قائم کیا جا رہا ہے جبکہ جنوبی اضلاع کے سنگم پر ایک مثالی کیڈٹ کالج کے قیام کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

متعلقہ عنوان :