پاکستان کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کیلئے مکمل ساتھ دینگے ٬ چین

دونوں ملکوں میں باہمی اعتماد ٬ مفاہمت اور تعاون اعلیٰ سطح پر موجود ہے ٬چینی وزیر دفاع پاکستان چینی فضائیہ سے فائدہ اٹھانے کا خواہش مند ہے٬ سربراہ پاک فضائیہ سہیل امان

پیر 7 نومبر 2016 13:23

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 نومبر2016ء) چین نے ایک بار پھر اپنے اس عزم کو دہرایا ہے کہ وہ پاکستان کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا ٬چین اور پاکستان میں فضائی دفاعی ہتھیاروں ٬ تربیت اور فضائی سلامتی کے سلسلے میں نتیجہ خیز تعاون پایا جاتا ہے اور مستقبل میں فضائیہ کے مختلف شعبوں میں یہ تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا ۔

یہ بات چین کے وزیر دفاع چانگ وان کوان نے پاکستان کے چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان کے ساتھ بیجنگ میں ایک ملاقات کے دوران کہی ۔ایئر چیف مارشل سہیل امان ایئر شو چائنا 2016میں شرکت کیلئے چین گئے تھے ٬ یہ ایئر شو گوانگ ڈانگ صوبہ کے شہر زوہائی میں منعقد ہو ا تھا ٬ چین اور پاکستان کے درمیان باہمی اعتماد ٬ مفاہمت اور تعاون اعلیٰ سطح پر موجود ہے ٬ وہ ایک دوسرے کے اتحادی اور جامع دفاعی شراکت دار ی میں منسلک ہیں ٬ اس لئے چین اور پاکستان کی فضائیہ کو تعاون میں مزید اضافہ کرنا چاہئے ٬ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات بین الاقوامی علامت کے طورپر پہنچانے جاتے ہیں اور وہ علاقائی اور بین الاقوامی امن کے تحفظ کی بنیاد بن چکے ہیں ٬ پاکستان چین کے تعاون کی تعریف کرتا ہے اور چین کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف ہتھیاروں ٬ ٹیکنالوجی ٬ افرادی تربیت اور علاقائی سلامتی کے فروغ کیلئے مزید تعاون کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی فضائیہ باقاعدہ طورپر شاہین کے نام سے فوجی مشقیں کرچکی ہے جو کہ سب سے پہلی5 سی30 مارچ 2011ء میں پاکستان کے رفیق ہوائی اڈے پر منعقد ہوئی تھی۔دریں اثنا پاکستان فضائیہ کے سربراہ نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی فضائیہ کے کمانڈر جنر ل ما زیائو ٹیان سے بھی زوہائی میں ملاقات کی ٬ مازیائو ٹیان نے اپنے ملک کے اس عزم اور خواہش کو دہرایا کہ وہ پاکستان کے ساتھ دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے پاکستان اور چین کی فضائیہ کے درمیان شراکت داری اور دفاعی اہلیت پر اطمینان کا اظہار کیا ٬ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے خاص طورپر ذکر کیا کہ حالیہ برسوں میں چینی فضائیہ نے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے میں بڑی ترقی کی ہے اور ہم چین کے باہمی اعتماد اور تعاون کے نظریہ کی حمایت کرتے ہیں ٬ چین بین الاقوامی امن اور ترقی کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چینی فضائیہ کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا خواہش مند ہے ۔