ایف بی آئی نے ہیلری کلنٹن کو کلین چٹ دیدی-وزیرخارجہ کی حیثیت سے ہیلری نے نجی اِی میل سرور کے استعمال میں کوئی مجرمانہ غفلت نہیں برتی: ایف بی آئی کے ڈائریکٹر، جیمز کومی کا کانگریس میں بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 7 نومبر 2016 11:01

ایف بی آئی نے ہیلری کلنٹن کو کلین چٹ دیدی-وزیرخارجہ کی حیثیت سے ہیلری ..

واشنگٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 نومبر۔2016ء) ایف بی آئی کے ڈائریکٹر، جیمز کومی نے کانگریس کو بتایا ہے کہ ہیلری کلنٹن کے معاملے میں وہ جولائی میں جس نتیجے پر پہنچے تھے اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔ وہ یہ کہ جب وہ وزیر خارجہ تھیں، ان کے نجی اِی میل سرور کے استعمال میں کوئی مجرمانہ غفلت نہیں برتی گئی۔کومی نے یہ اعلان نئی اِی میلوں کا جائزہ لینے کے بعد کیا ہے، جو غیر متعلقہ چھان بین کے معاملے کے دوران برآمد ہوئی تھیں۔

انھوں نے یہ نہیں بتایا آیا اِن نئی اِی میلز سے کیا تفصیل اخذ کی گئی، ماسوائے اِس بات کے کہ ان کے بیورو کی رائے میں سکریٹری کلنٹن سے متعلق جولائی میں بیان کردہ ہمارے نتائج میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔کلنٹن کی انتخابی مہم نے ایک بیان میں ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کی بات ہے کہ یہ معاملہ حل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ان کی حریف ہیلری کلنٹن کو ای میل معاملے میں کسی مجرمانہ فعل کے ارتکاب سے بری کرنے پر امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی پر غیر مناسب رویے کا الزام لگایا ہے ۔

ایف بی آئی کے اس اعلان سے قبل رائے عامہ کے تازہ جائزے میں مسز کلنٹن کو ٹرمپ پر چار سے پانچ پوائنٹ کی سبقت دی گئی ہے۔ ریاست مشی گن کے شہرڈیٹرائٹ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایف بی آئی کے لیے اتنی قلیل مدت میں ساڑھے چھ لاکھ ای میل کی جانچ ناممکن ہے۔انھوں نے میشی گن کے سٹرلنگ ہائٹس میں اپنے حامیوں سے کہا فی الحال ہیلری کو دھندلی کے نظام کا تحفظ حاصل ہے۔

یہ پوری طرح دھاندلی والا نظام ہے۔ میں اس کے بارے میں ایک عرصے سے بول رہا ہوں۔انھوں نے مزید کہا ہیلری کلنٹن مجرم ہیں اور وہ یہ جانتی ہیں ایف بی آئی اسے جانتی ہے، لوگ اسے جانتے ہیں اور اب یہ امریکی باشندوں پر منحصر ہے کہ وہ آٹھ نومبر کو بیلٹ باکس کے ذریعے انصاف کریں۔ایف بی آئی نے سابق امریکی وزیرخارجہ کی نائب ہما عابدین کی ای میلز تلاش کرنے کے لیے وارنٹ حاصل کیے تھے۔

یہ خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ ہیلری کلنٹن سے متعلق یہ ای میلز ہما عابدین کے سابق شوہر اینتھونی وینر کے لیپ ٹاپ سے ملی تھیں۔اس سے پہلے امریکی حکام نے کہا تھا کہ محکمہ انصاف کی جانب سے ایف بی آئی کو تجویز دی گئی تھی کہ وہ کانگرس کو ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی ای میلز کے بارے میں کی جانے والی نئی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ نہ کریں۔

محکمہ انصاف کے حکام کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بظاہر انتخاب میں مداخلت سے بچنے کے لیے بنائے جانے والے اصولوں سے متصادم ہو گا۔واشنگٹن میں سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی کی جانب سے کلین چٹ ملنے کے بعد ہیلری کلنٹن کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا اب ان کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہی‘تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ طے شدہ امر تھا کہ دوبارہ تحقیقات سے بھی ایف بی آئی کچھ خاص چیزیں حاصل نہیں کرپائے گی کیونکہ امریکا کے تحقیقاتی ادارے کئی مرتبہ نجی ای میل سرور استعمال کرنے کے معاملے اور ای میلزکا جائزہ لے چکے ہیں -ایف بی آئی کے ڈائریکٹر، جیمز کومی نے کانگریس میں بیان سے ری پبلکن امیدوار ڈونلڈٹرمپ کو شدید دھچکا پہنچا ہے کیونکہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کا رخ اس جانب موڑ رکھا تھا اور یہ تاثرپایا جارہا تھا کہ ایف بی آئی اس معاملے کو دوبارہ اچھال کر انتخابات پر اثراندازہونے کی کوشش کررہی ہے جبکہ ڈونلڈٹرمپ بھی اپنی تمام ترتوانائیاں نجی ای میل سرورکے معاملے کو ہیلری کے خلاف استعمال کرنے پر استعمال کررہے تھے-اگرچہ امریکا میں نسلی تعصب کو ابھارنے پر ٹرمپ کسی حد تک کامیاب رہے ہیں مگر ان کا کامیابی کے امکانات نظرنہیں آرہے-تجزیہ نگاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے ذریعے امریکا اور فیڈریشن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے جس پر ان کو اور ان کے حامیوں کو مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے-

متعلقہ عنوان :