پامانا لیکس کے معاملے پرعوام کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہیں‘پیپلزپارٹی ملک میں کرپشن ختم کرنے کے معاملے پرسنجیدہ ہوتی تو عدالتی کاروائی کا حصہ بنتی‘جماعت اسلامی نے سب سے پہلے ملک میں کرپشن فری پاکستا ن کی تحریک شروع کی

امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدکی منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو

ہفتہ 5 نومبر 2016 22:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ سپریم کورٹ نے جوڈیشل کمیشن بنانے کافیصلہ کرکے ملک میں جاری شدیدسیاسی بحران کوختم کردیا ہے۔اب عوام کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہیں کہ وہ پانامالیکس کے معاملے پر انصاف فراہم کرے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کو جوڈیشل کمیشن نہ بننے دینے کی باتیں کرنے کی بجائے پانامالیکس کے ایشو پر عدالتی دروازہ کھٹکھٹاناچاہئے۔اس وقت جماعت اسلامی٬تحریک انصاف اور شیخ رشید کی درخواستوں پر سپریم کورٹ میں روزانہ کی بنیاد پر پانامالیکس کی سماعت ہورہی ہے۔اگر پیپلزپارٹی پانامالیکس اور ملک میں کرپشن ختم کرنے کے معاملے پر اس قدرسنجیدہ ہوتی توپھر وہ اعتزازاحسن یا اپنے دوسرے وکلاء کے ذریعے عدالتی کاروائی حصہ کابنتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ موجودہ کرپشن کے نظام کو ختم نہیں کرنا چاہتی ہے٬وہ محض اب اس معاملے پرپارلیمنٹ میں زبانی جمع خرچ کررہی ہے۔بلاول بھٹوکوجوڈیشل کمیشن کے خلاف بیانات نہیں دینے چاہئیں بلکہ پانامالیکس پر عدالتی عمل کو سپورٹ کرناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں ٬جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے کامیاب احتجاج کے بعد پانامالیکس کے ایشو پر سپریم کورٹ میں روزانہ کی بنیاد پر سماعت کاشروع ہوناخوش آئند امر ہے۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی حکمران خاندان کوکرپشن کے الزام میں عدالت کے کٹہرے میں کھڑاہوناہوگا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے سب سے پہلے ملک میں کرپشن فری پاکستا ن کی تحریک شروع کی۔پانامالیکس کے منظر عام پر آنے کے بعد کرپشن کے خلاف جاری تحریک اب پاکستان کے ہرشہری کی آواز بن چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ پانامالیکس پر قانونی جنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔اب فیصلے سڑکوں کی بجائے عدالت میں ہونے چاہئیں۔حکومت اور اپوزیشن دونوں کو عدالتوں کا احترام کرنا چاہئے۔ریاستی اداروں پر اعتماد کرکے ہی آئین اور جمہوریت کو ملک میں مضبوط بنایاجاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :