سموگ سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے صنعتکارانتظامیہ سے ممکن تعاون کریں گے ‘صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس

ہفتہ 5 نومبر 2016 22:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے کہا ہے کہ سموگ سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فیصل آباد کے صنعتکارمقامی انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کریں گے تا ہم اس علاقائی آفت سے نمٹنے کیلئے حکومتی سطح پر بھی فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

وہ آج محکمہ ماحولیات ٬ لیبر اور صنعت کے ضلعی افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں سموگ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مل جل کر کوششیں کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صدر نے کہا کہ سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے ضروری حفاظتی تدابیر پر مبنی معلومات فوری طور پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پانچ ہزار ممبران کو بھیجی جا رہی ہیں جبکہ بڑی اور اہم صنعتوں سے کہا جائیگا کہ وہ اپنے ورکروں کو ماسک پہنائیں۔

(جاری ہے)

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے وضاحت کی کہ زیادہ تر صنعتکار کم سلفر والا کوئلہ استعمال کرتے ہیں اور اسے جلانے سے قبل اس کا لیبارٹری ٹیسٹ بھی ہوتا ہے اگر یہ خراب ہو تو پورا ٹرک ہی واپس کر دیا جاتا ہے کیونکہ اس سے ماحول خراب ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی مشینری اور دیگر آلات پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ سلفر والے کوئلے سے خاص طور پر دس سال چلنے والے بوائلر کی زندگی صرف 2 سال رہ جاتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فیصل آباد کی تقریباً تمام صنعتوں میں ویٹ سکریپر لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے فیصل آباد کی فضاء سیادہ آلودہ دھویں سے تقریباًصاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تمام محکموں سے رابطے میں ہے اور اس کی کوشش ہوگی کہ سموگ سمیت دیگر تمام مسائل کو باہمی رابطوں اور مشاورت سے حل کیا جائے۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات شوکت حیات نے بتایا کہ سموگ کی وجہ سے صوبائی حکومت نے ہائی الرٹ جاری کر رکھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ علاقائی مسٴلہ ہے جس کی وجہ افغانستان اور مغربی پنجاب سے آنے والے مٹی اور گندھک کے مضر زرات مقامی نمی سے مل کر خطر ناک صورت اختیار کر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور ذمہ دار پاکستانی ہماری ذمہ داری ہونی چاہیئے کہ ہم اس صورتحال میں مزید ابتری کیلئے سلفر والا کوئلہ یا دوسری آلودگی پیدا کرنے والی ممنوعہ اشیاء جلانے کیلئے استعمال نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بڑی صنعتیں قانون کی پوری پابندی کررہی ہیں مگر بعض چھوٹے سائزنگ یونٹوں میں پراناگندا کپڑا ٬ چمڑا اور دیگر خطرناک اشیاء کو جلانے کی شکایات مل رہی ہیں جن کو روکنا ضروری ہے تاہم کسی بھی انضباطی کارروائی سے قبل اس یونٹ اور اس کی متعلقہ ایسوسی ایشن کو آگاہ کیا جاتا ہے تا کہ وہ ایسا کرنا فوری طور پر بند کر دیں۔ ڈی او ماحولیات نے کہا کہ سموگ کی صورتحال گزشتہ 4 دنوں کی نسبت ا ب کافی بہتر ہوئی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند روز تک اس میں مزید بہتری آئیگی۔

ڈائریکٹر لیبر عباس چیمہ نے بتایا کہ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے یہاں سیمینار کرنا چاہتے ہیں تا کہ انہیں بتایا جا سکے کہ حکومت پنجاب ان کے مزدوروں کو کیا کیا مراعات دے رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کا بہترین نظام قائم ہے جس کے علاوہ ڈیتھ گرانٹ ٬ میرج گرانٹ اور سوشل سیکورٹی سمیت دیگرکئی سہولتیں بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے محکمے کی پالیسیاں حکومت ٬ آجر اور اجیر پر مشتمل کمیٹیاں مشترکہ طور پر طے کرتی ہیں لیکن تعجب کی بات ہے کہ ان پالیسی معاملات میں آجروں کی طرف سے بہت کم دلچسپی لی جاتی ہے۔ ڈی او خالدمحمود نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ ان سے پہلے سے بھی زیادہ رابطے رکھیں گے تا کہ صنعتوں کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

سوال و جواب کی نشست میں سید خالد محمود شاہ ٬ سیکرٹری جنرل عابد مسعود٬ محمد راشد اور عامر نثار نے بھی حصہ لیا جبکہ آخر میں نائب صدر احمد حسن نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سرکاری محکموں اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تعاون کامثالی سلسلہ جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :