وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے تاریخی کسان پیکج کے تحت چھوٹے زمینداروں اور کاشت کاروں کی100ارب کے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے ‘ڈی سی او حافظ آباد

ہفتہ 5 نومبر 2016 22:07

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے تاریخی کسان پیکج کے تحت چھوٹے زمینداروں اور کاشت کاروں کی100ارب کے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور ضلع حافظ آباد میں ابتک ساڑھے بارہ ایکڑ تک اراضی کے 2609زمینداروں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے۔قرضوں کی تقسیم کو شفاف بنانے کے لیے حکومت پنجاب کا شت کاروں کو صرف 110روپے میں سمارٹ فون فراہم کرے گی جس کے ذریعے قرضے کی منظوری اور اس کو حاصل کرنے کا طریقہ کار اور معلومات براہ راست متعلقہ کسان کو گھر بیٹھے مل جایا کریں گی جبکہ اس پیکج کے تحت صوبہ بھر کے 5لاکھ کسانوں کو ربیع کے لیے 25ہزار فی ایکڑ اور خریف کے لیے 40ہزار فی ایکڑ کے قرضے بلا سود فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ بات ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے اراضی ریکارڈ سنٹر حافظ آباد کے دورے کے موقع پر کہی ۔ڈی سی او نے کہا کہ کسان پیکج حکومت پنجاب کا ایک انقلابی پروگرام ہے جس کے تحت 100ارب کے ریکارڈ زرعی قرضوں کی بلا سود فراہمی سے صوبہ بھر میں زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز ہوگا۔۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رجسٹریشن کو ہر صورت بہتر بنایا جائے اور ساڑھے بارہ ایکڑ تک تمام زمینداروںکی رجسٹریشن کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں تا کہ اس پیکج کے ثمرات زیادہ سے زیادہ زمینداروں تک پہنچ سکے۔