ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال کے ایمر جنسی وارڈ میں جدید ’’سنٹرل آکسیجن سسٹم ‘‘کا آغاز ہو گیا

ہفتہ 5 نومبر 2016 21:02

خانیوال۔5 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2016ء)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال کے ایمر جنسی وارڈ میں جدید ’’سنٹرل آکسیجن سسٹم ‘‘کا آغاز ہو گیا ہے سنٹرل آکسیجن سسٹم کا افتتاح ڈی سی او زید بن مقصود اور ایم پی اے نشاط احمد خان ڈاہا نے کیااس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر اکبر علی بھٹی بھی موجود تھے اس جدید سسٹم سے شعبہ حادثات میں آنے والے مریضوں کو بیڈز پر ہی آٹو میٹک سسٹم کے تحت آکسیجن کی سہولت میسر ہو گی اس موقع پر ڈی سی او زید بن مقصود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کو جدید طبی سہولتوں سے آراستہ کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے تاکہ لوگوں کو علاج معالجہ کی جدید سہولتیں میسر آسکیں ایم پی اے نشاط احمد خان ڈاہا نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال خانیوال کے شعبہ حادثات میں سنٹرل آکسیجن سسٹم کی تنصیب سے یہاں آنے والے مریضوں کو براہ راست آکسیجن کی سہولت میسر ہو گی اور وقت ضائع کیے بغیر ڈاکٹرز ایمرجنسی میں داخل مریضوں کا علاج معالجہ بہتر انداز میں کر پائیں گے۔

(جاری ہے)

ایم ایس ڈاکٹر اکبر علی بھٹی نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مریضوں کو ان کے بستروں پر آکسیجن کی فراہمی کے خود کار جدید نظام سے بیک وقت 18مریض آکسیجن سے مستفید ہو سکیں گے انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کی تنصیب میں مخیر حضرات کی بھی مدد لی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال خانیوال انتظامیہ کا اگلا ٹارگٹ ڈائلسز اور ڈیجیٹل ایکسرے سسٹم کی تکمیل ہو گا قبل ازیں ڈی سی او زید بن مقصود اور ایم پی اے نشاط احمد خان ڈاہا نے سنٹر ل آکسیجن سسٹم کا باقاعدہ افتتا ح کیا اور اس خود کار نظام کے تحت مریضو ں کو آکسیجن فراہم کرنے کا پراسس ملاحظہ کیا بعد ازاں انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا وہ ہسپتال کے مختلف وارڈوں میں بھی گئے اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کی دیکھ بھال کی ۔