نومبراور دسمبر میں معمول سے کم بارشوں کی توقع ہے ٬ محکمہ موسمیات

ہفتہ 5 نومبر 2016 20:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2016ء) محکمہ موسمیات نے رواں ماہ نومبر اور دسمبر میں معمول سے کم بارش کی توقع ظاہر کی ہے اس لیے گرد آلود دھندکا سلسلہ جاری رہے گا۔شہری علاقوں میں گرد آلود دھند کثیر مقدار میں فضا میں موجود رہنے کا امکان ہے۔ گرد آلود دھندکے ذرات آنکھوں/ گلے کی خرابی اور سانس لینے میں دشواری کاباعث بن سکتے ہیں عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ہفتہ کو محکمہ موسمیات کی جاری رپورٹ کے مطابقآئندہ 24گھنٹوں کے دورانملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہیگا۔تاہم گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔صبح اور شام کے اوقات میں فیصل آباد٬ ساہیوال٬ گوجرانوالہ٬ سرگودھا٬ لاہور٬ ملتان٬ بہاولپور اور سکھر ڈویژن میں گرد آلود دھند پڑنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ 48گھنٹوں کے دورانملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہیگا۔ جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرد آلود دھند کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا۔ تاہم مالاکنڈ ڈویژن میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش مالم جبہ٬ کالام میں 01ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔جبکہ فیصل آباد٬ سرگودھا اور لاہور ڈویڑن کے علاقوں میں سموگ/دھند پڑی۔آج ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت: سکردو٬ استور٬ قلات 01٬ راولاکوٹ اور کالام 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔