سوئس بینک میں اربوں روپے آصف زرداری نے کونسی محنت مزدوری سے کما کر جمع کئے ہیں

تحریک انصاف کے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی کے ترجمان دوا خان صابر کا بیان

ہفتہ 5 نومبر 2016 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی کے ترجمان دوا خان صابر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز گھوٹکی میں پیپلز پارٹی کے بچہ چیئرمین بلاول بھٹو نے جس طرح تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پر بے جا اور من گھڑت تنقید کرنے کی کوشش کی اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔بلاول زرداری کی سیاست کی ڈوریاں آج بھی دبئی سے ہل رہی ہیں۔

مائنس ون کا مطالبہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے پہلے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے خود کیا تھا اور پنجاب میں کئی ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی انتخابی مہم میں آصف زرداری کی تصویر کوغائب کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی ناک کے نیچے ان کے ماموں مرتضیٰ بھٹو کو شہیدکیا گیا تھا اور پچھلے پانچ سال وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتے ہوئے محترمہ بینظیر بھٹو کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کر سکے۔

(جاری ہے)

دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے بلاول اپنے گریبان میں جھانکیں۔ سوئس بینک میں اربوں روپے آصف زرداری نے کونسی محنت مزدوری سے کما کر جمع کئے ہیں۔سرائے محل کس کا تھا ۔ بلاول کے منہ سے احتساب کا نعرہ صرف مزاق لگتا ہے۔ جس کے والد خود مسٹر10پرسنٹ پر مشہور ہوں وہ دوسروں کا کیا احتساب کریں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ آج بھی بلاول بھٹو آصف زرداری اور نواز شریف کی بولی بول رہے ہیں۔

یہ باتیں انہوں نے ’’انصاف ہا?س‘‘ میں صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ ترجمان نے مزیدکہا کہ بلاول زرداری ہمارا منہ نہ کھولیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ مردہ گھوڑے اکھڑے جائیں کیونکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور بے نظیر بھٹو ماضی میں ایک ساتھ آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ بہت ساری داستانیں اور حقیقتیں ہمیں بھی معلوم ہیں۔ تحریک انصاف کی قیادت عہد کر چکی ہے کہ پاکستانی قوم کی لوٹی ہوئی دولت کے ایک ایک پائی کا حساب سب چوروں سے لیں گے اور کسی بھی چور کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

متعلقہ عنوان :