سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ کی سربراہی میں خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ کمیشن کا 23واں اجلاس

ہفتہ 5 نومبر 2016 19:44

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2016ء)خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ کمیشن کا 23واں اجلاس سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ کی سربراہی میںآج ان کے دفتر پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ممبران کمیشن سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔کمیشن نے ضلع کونسل پشاور بجٹ2016-17پر تحفظات سے متعلق فیصلے کو تسلی بخش قرار دیا جبکہ تورغر ناظم پر عدم اطمینان کے سلسلے میں ممبر ضلع کونسل دلروز خان نے کمیشن کے سامنے اپنی رپورٹ پیش کی جبکہ کمیشن نے تورغر ناظم پر عدم اطمینان کو قاعدہ کے مطابق قرار دیا۔

کمیشن نے اوگی اور بحرین میں ٹیکس وصولی کے بارے میں فیصلہ دیا کہ ٹیکس دوبارہ تحصیل کونسل سے منظور کرایا جائے۔بنوں اور ٹانک کے بجٹ کے حوالے سے شکایت متعلقہ ضلعی حکام کو بھیجی جائے اور چارسدہ میں ٹی ایم اے اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے مابین متنازعہ عمارت کے مسئلے کے حل کے لئے کمیشن نے ڈاکٹر اقبال خلیل کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو آئندہ اجلاس میں کمیشن کو اس حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

کمیشن نے تخت بھائی اور مردان سمیت دیگر اضلاع سے موصول شکایات کا بھی جائزہ لیا۔سینئر صوبائی وزیر جو کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کمیشن کو موصول ہونے والی شکایات میرٹ کی بنیاد پر نمٹائی جائیں گی اور کسی کے ساتھ بھی نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ اپنے فرائض منصبی مکمل دیانتداری سے ادا کریں۔