تحصیل بھر میں ڈینگی لاروے کے خاتمہ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں٬ ایڈمنسٹر یٹر مریدکے چودھری محمد ارشد بھدر

ہفتہ 5 نومبر 2016 19:27

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2016ء) اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے مریدکے چودھری محمد ارشد بھدر نے کہا ہے کہ تحصیل بھر میں ڈینگی لاروے کے خاتمہ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تعلیمی اداروں سمیت پبلک مقامات کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اپنے دفتر میں انٹی ڈینگی اسکواڈ اور محکمہ صحت کے حکام کی میٹنگ کے دوران انہوںنے کہا کہ تمام اہلکار اپنے فرائض کو ایمانداری سے سر انجا م دیتے ہوئے اپنے علاقہ کو ڈینگی جیسے موذی مچھر سے بچائیں۔

انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدائت پر اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے خصوصی عملہ تعینات کیا گیا ہے جن کی کارکردگی کو چیک کرنے کے لیے بھی مختلف ٹیمیں فیلڈ میں کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

شہراور گردو نواح کے علاقوں میں ڈینگی لاروے کی افزائش کو روکنے کے لیے مقامی افراد کو ترغیب دینے کے ساتھ ساتھ اینٹی مچھر ادویات کا بھی سپرے کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کے بعد مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر چودھری ارشد بھدر نے کہا کہ علاقہ میں صفائی کے نظام کو بہتر کیا جا رہا ہے اور تعلیمی اداروں کے ارد گرد ڈمپنگ پوائٹس کے خاتمہ کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ اسموگ کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈی سی او شیخوپورہ نے ضلع بھر میں کھیتوں میں مونجی کے مڈھوں اور دیگر کچرے کو جلانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144نافذ کر دی ہے اس لیے کسان ایسا کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ شاہرات پر کوڑے کے ڈھیر وں کو آگ لگانے والے افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :