گڈانی میں آئل ٹینکر میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتہ میں پیش کر دی جائے گی ٬ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

ہفتہ 5 نومبر 2016 17:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2016ء) دفاعی پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ گڈانی میں آئل ٹینکر میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر پیش کر دی جائے گی اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔ ہفتہ کو یہاں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے گڈانی میں آئل ٹینکر میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے بحری جہاز کی سائٹ کا بھی دورہ کیا اور کراچی میں پہلا اجلاس بھی منعقد کیا۔

کمیٹی نے جہاز کے مالک٬ لیبر یونین کے اراکین٬ بلوچستان ڈویلپمنٹ٬ کسٹم اتھارٹی اور ماحولیاتی تحفظ کے سینئر حکام سمیت مختلف فریقین سے تحقیقات بھی کیں۔

(جاری ہے)

آخر میں رانا تنویر حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر پیش کر دی جائے گی جس میں ذمہ داروں کا تعین بھی کیا جائے گا اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کیلئے اقدامات بھی تجویز کئے جائیں گے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ گڈانی میں سرگرمیاں جلد دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔ واقعہ کو اہمیت دیتے ہوئے تحقیقات کرانے پر تمام سٹیک ہولڈرز نے حکومت کی دلچسپی کی تعریف کی۔ رانا تنویر نے آتشزدگی پر قابو پانے اور امدادی کاموں کیلئے پہنچنے والے پاک بحریہ کے افسران اور خاص طور پر فیصل ایدھی کی موقع پر موجودگی پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔