کرسٹیان لیگارڈے کی جانب سے گذشتہ تین برس کے دوران پاکستان کی جانب سے شاندار اقتصادی کارکردگی کی تعریف

پاکستان کی مکمل ابھرتی ہوئی مارکیٹ کیلئے اقدامات کے ضمن میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ

ہفتہ 5 نومبر 2016 17:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2016ء) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹیان لیگارڈے نے آئی ایم ایف کے تعاون سے پروگرام کے تناظر میں گذشتہ تین برس کے دوران پاکستان کی جانب سے شاندار اقتصادی کارکردگی کو سراہا ہے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق یہ بات انہوں نے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے نام اپنے ایک مکتوب میں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام معیشت کے ابھرنے کی صلاحیت اور نتیجہ خیز نوعیت کے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعہ اقتصادی بڑھوتری کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان اہم کامیابیوں پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مبارکباد دی اور اپنے حالیہ دورہ کے دوران حکومت کے اقتصادی اصلاحات کے پروگرام پر مفید بات چیت اور رابطوں پر ان کی تعریف کی۔

کرسٹیان لیگارڈے نے 24 سے 26 اکتوبر کے درمیان پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دورہ کے دوران انہوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف٬ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور حکومت کی اقتصادی ٹیم کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ وزیر خزانہ کے نام اپنے مکتوب میں کرسٹیان لیگارڈے نے پاکستان کی مکمل ابھرتی ہوئی مارکیٹ کیلئے اقدامات کے ضمن میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :