دھرنے ختم ہوئے کئی روز بیت گئے لیکن شہباز کے دماغ پر ابھی تک خوف سوار ہے٬ میاں محمود الرشید

ہفتہ 5 نومبر 2016 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2016ء)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ دھرنے ختم ہوئے کئی روز بیت گئے لیکن شہباز شریف کے دماغ پر ابھی تک خوف سوار ہے٬وزیر اعلیٰ کو حقیقی خوف پکڑے جانے کا ہے ٬شہباز شریف کی ترقی کے دعووں سے ہر باخبر شہری پناہ مانگتا ہے ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم سولر پارک, رنگ برنگی ٹیکسیاں, قومی وسائل پھونکنے والے تندور, جنگلا بس سروس اور نندی پور سمیت لاتعداد ڈرامے شہباز شریف کے نامہ اعمال کا حصہ ہیں ٬ترقی کے نام پر قومی خزانے کی لوٹ مار کے علاوہ دوسرا کوئی مقصد ہے نہ ہی ہدف ۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف 6 ماہ ایک سال اور دوسال میں بجلی کا بحران ختم کرنے کے جھوٹے دعوے کرتے رہے ٬شہباز شریف نے بجلی کا بحران ختم کیا نہ ہی اعلان کے مطابق اپنا نام تبدیل کیا انکی حرکتوں کے باعث عوام میں "شوباز شریف" "ڈرامہ شریف" اور "نندی پور شریف" جیسے نام انتہائی مقبولیت حاصل کر رہے ہیں