تحفظ حرمین اور آل سعود کا کردار کے عنوان سے سیمینار کل ہوگا

پروفیسرساجد میر٬ لیاقت بلوچ٬ پیر محفوظ مشہدی٬پیر مسعود چشتی اور دیگر خطاب کریں گے

ہفتہ 5 نومبر 2016 16:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2016ء)تحریک دفاع آل سعود پاکستان کے زیر اہتمام تحفظ حرمین اور آل سعود کا کردا رکے عنوان سے سیمینارکل (اتوار )6 نومبر دوپہر 3بجے دن لاہور پریس کلب میں منعقد ہوگا۔ جس کی صدارت ٹی ڈی اے ایس کے بانی چیرمین ڈاکٹر عبدالغفور راشد کریں گے۔جبکہ مہمان خصوصی مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر پروفیسرسینیٹر ساجد میرہوں گے۔

مقررین میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ٬ جمعیت علمااسلام کے رہنما مولانا محمدامجد خان٬ جے یو پی نورانی کے سیکرٹری جنرل اور مسلم لیگ ن کے ایم پی ا ے پیر سید محمد محفوظ مشہدی٬ مولانا محمد خان لغاری٬مولانا زاہد محمود قاسمی٬ محمود عباس٬ سینیر اینکر پرسن صحافی مجیب الرحمان شامی٬ لاہور ہائی کورٹ بار کے سابق صدر پیر مسعود چشتی٬ صدر لاہور بار ایسوسی ایشن ارشد جہانگیر جوجہ اور دیگر مذہبی سیاسی اور سماجی رہنما خطاب کریںگے۔

(جاری ہے)

مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ناظم ذیلی تنظیمات اور تحریک دفاع آل سعود کے چیرمین ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کے مکہ مکرمہ پر حملے کا نوٹس لینا چاہیے۔ اس حوالے سے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایمانی مرکز حجاز مقدس کی حفاظت کے لئے سعودی حکومت سے تعاون کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ امت مسلمہ دنیا پر مقدس ترین مقامات کا تحفظ اپنی جانوں پر کھیل کر بھی کرے گی۔ او آئی سی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔