جماعت پنجم کاجائزہ امتحان آنے والی نسلوں کے مستقبل کو دائو پر لگانے کے مترادف ہے‘ صوبائی صدر پن محمد سلیم خان

ہفتہ 5 نومبر 2016 14:59

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2016ء) پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے صوبائی صدر محمد سلیم خان نے کہا ہے کہ جماعت پنجم کا جائزہ امتحان خیبر پختونخوا میں بسنے والوں کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بھی دائو پر لگانے کے مترادف ہے٬ ڈالروں کے لالچ میں شعبہ تعلیم کو اپنے بینک اکائونٹ بڑھانے کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔ وہ جمعہ کو پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک ضلع ایبٹ آبادکے صدر عدنان اقبال کی زیر صدارت منعقدہ جنرل باڈی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

ان کے ہمراہ پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک ضلع ایبٹ آباد کے صدر عدنان اقبال٬ جنرل سیکرٹری طاہر آفریدی٬ سرپرست غلام جیلانی٬ پروفیسر نزاکت و دیگر موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں ڈیپوٹیشن پر عارضی تعینات آفیسرز کو پالیسی سازی اور فیصلوں کا اختیار کیسے دے دیا گیا ہے٬ یکساں نصاب کے نام پر ایسی کسی بھی نصابی کتاب کو تعلیمی اداروں پر مسلط کرنا بیرونی قوتوں کے منفی ہتھکنڈوں کی کڑی ہے٬ اس کے نفاذ کیلئے جتنا بھی دبائو ڈالا جائے گا اتنی ہی مزاحمت بڑھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت نے اس نازک صورت حال پر متوقع نتائج کو قبل از وقت بھانپتے ہوئے فوری نوٹس نہ لیا تو جہاں صوبائی حکومت کی بنیادیں پارہ پارہ ہو جائیں گی وہاں ہماری آنے والی نسلوں کی بحیثیت مسلمان اور بحیثیت پاکستانی شناخت بھی ختم ہو جائے گی۔ محمد سلیم خان نے کہا کہ ہم اپنے لئے نہیں آنے والی نسلوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں٬ پاکستان تحریک انصاف حقیقی انصاف کو یقینی بنائے تاکہ مستقبل میں کوئی غیر ہماری تعلیمی پالیسیوں پر انگلی نہ اٹھا سکے۔