پنجاب فوڈ اتھارٹی اور لاہور ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کا خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے مشترکہ ایس او پی بنانے پر اتفاق

ہوٹل کی رجسٹریشن کیلئے مالکان کو سمارٹ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ ٬ہوٹل اورا سکے تمام سٹاف کا ڈیٹا بھی اس سمارٹ کارڈ میں فیڈ کیا جائیگا ہوٹل / ریسٹورنٹ کے درمیان مقابلہ بین الاقوامی معیار کے مطابق کروایاجائیگا٬ نور الامین مینگل سے لاہور ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

ہفتہ 5 نومبر 2016 14:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2016ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی اور لاہور ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے مشترکہ ایس او پی بنانے پر اتفاق کر لیا ٬ ہوٹل کی رجسٹریشن کے لئے مالکان کو سمارٹ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا٬ہوٹل اورا سکے تمام سٹاف کا ڈیٹا بھی اس سمارٹ کارڈ میں فیڈ کیا جائے گا٬ہوٹل / ریسٹورنٹ کے درمیان مقابلہ بین الاقوامی معیار کے مطابق کراوانے کا بھی اعلان کیا گیا۔

ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس جوہر ٹائون میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے لاہور ریسٹورنٹ ایسوسیشن کے اراکین اور ہوٹل مالکان سے ملاقات کی۔ اس موقع پرپنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر آپریشن مس رافیہ حیدر٬ ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنائنس افراز احمداور لاہور ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن سے صدر کامران شیخ ٬سیکریٹری فنانس نثار چوہدری اور جنرل سیکریٹری احمد شفیق نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے نورالامین مینگل نے کہاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مقصد صحت مند پنجاب ہے۔ صحت مند ٬ معیاری خوراک عوام کا بنیادی حق ہے۔ صحت مند پنجاب پروگرام پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی سر گرم عمل ہے۔ اس کے حصول کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ریسٹورنٹ/ ہوٹل مالکان اور عملے کی تر بیت کے لئے خصوصی ادارے قائم کیے جائیں گے تاکہ پنجاب میں کھانے پینے کی معیاری اشیاء کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔

اسکے لئے تمام اشیاء کی رجسٹریشن کی جائے گی جو اشیاء پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین کے مطابق ہوںگی اسی کو کاروبار کرنے کی اجازت ہوگی۔مزید کھلی اشیاء کی فروخت پر پابندی عائد کی جائے گی اور پیکڈ شدہ اشیاء کی فراہمی کو فروغ دی جائے گی تاکہ خوراک کے مینوفکچرنگ یونٹس تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ملاوٹ زدہ اشیاء کا کاروبار کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی کے بھی کاروبار کو بند کرنا نہیں ہے بلکہ اسکی بہتری ہے تا کہ عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ دوسری طرف ہوٹل ایسوسی ایشن نے یقین دلایا کہ ہم پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین کو تسلیم کرتے ہیں اور کھانے کے معیار کو بہتر بنانے اور ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ کے ایس او پی بنانے کے لئے مکمل تعاون کریں گے۔مزید انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اسمارٹ کارڈ کے اجراء کے خیال کو سراہا۔مزید انہوں نے یقین دلایا کہ جو ہوٹل یا ریسٹورنٹ غیر معیاری کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری میں ملوث پایا گیا٬ اس کی پنجاب فوڈ اتھارٹی کو نشاندہی کریں گے۔ انکی خواہش تھی کہ انہیں عزت و وقار کے ساتھ کام کرنے دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :