کراچی٬سابق چیئرمین پاکستان اسٹیل سجاد حسین قتل کیس: سابق چیئرمین فشریز نثارمورائی پرفرد جرم عائد ٬ ملزم کا صحت جرم سے انکار آئندہ سماعت پر گواہان طلب

جمعہ 4 نومبر 2016 16:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 نومبر2016ء) سابق چیئرمین پاکستان اسٹیل سجاد حسین قتل کیس میں سابق چیئرمین فشریز نثارمورائی پرفرد جرم عائد کردی گئی ٬ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا۔کراچی کی مقامی عدالت میں سابق چئیرمین پاکستان اسٹیل ملز سجاد حسین کے قتل کیس کی سماعت ہوئی عدالت نے تمام ثبوتوں کا مدنظر رکھتے ہوئے مقدمے میں نامزد سابق چئیرمین فشریز نثار مورائی پر فردجرم عائد کردی ملزم نے صحت جرم سے انکارکیا جس پرعدالت نے آئندہ سماعت پر بارہ گواہان کو طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ سندھ کی اہم شخصیت کے قریبی ساتھی نثار مورائی کو11مارچ2016 کو اسلام آباد سے گرفتارکیا گیا تھا وہ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں گھپلوں اور منی لانڈرنگ جیسے الزامات میں نیب کو مطلوب تھے۔

(جاری ہے)

16 مارچ2016 کو فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کے سابق چیئرمین نثار مورائی کو لیاری گینگسٹرز کی مالی مدد کرنے کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے رینجرز نے سابق چئیرمین فشری کا 90 روزہ ریمانڈ حاصل کیا تھا۔

31 مارچ 2016 میں سا بق چئیرمین فشریز کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انہوں نے رینجرز حراست کے دوران اہم انکشاف کرتے ہوئے بیان دیا تھا کہ پاکستان سے سمندر کے راستے بیرون ملک غیر قانونی رقم بھجوائی جاتی ہے جس کے لئے اسپیڈ بوٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔اپنے انکشافات میں نثار مورائی کا کہنا تھا کہ اس کھیل میں بہت سے لوگ کارفرما ہیں جو ایمان داری کے ساتھ رقوم وصول کرتے ہیں اور مالک کی پسندیدہ جگہ تک پہنچا دیتے ہیں۔

فشریز کے سابق چیئرمین کا کہنا تھا کہ اس نے بہت سی اہم شخصیات کی رقوم بیرون ممالک منتقل کیں کئی بارحساس اداروں نے اسپیڈ بوٹس کو روک کر بھاری رقوم برآمد کیں ٬ ایک بار اسپیڈ بوٹ کو اچانک آگ لگ گئی اور پوری رقم جل کر سمندر میں بہہ گئی۔ نثار مورائی نے اپنے بیان میں بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سربراہ منظور کاکا کے 56 لاکھ ڈالر بیرون ملک منتقلی کے دوران پکڑے گئے تھے۔

18جون2016 کو چئیرمین اسٹیل مل کے قتل سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے نثار مورائی نے جے ٹی آئی کے سامنے اقرار کیا کہ سجاد حسین کے قتل کا منصوبہ کیفے کلفٹن میں بنایا گیا تھا میں نے سابق وزیرداخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے ہمراہ سجاد حسین کی ریکی کی قتل کے وقت بھی ہم سجاد حسین کی گاڑی کے قریب موجود تھے۔17اکتوبر2016 میں عدالت نے سابق چئیرمین اسٹیل ملز کے قتل کے الزام میں گرفتار پیپلز پارٹی کے اہم رہنما نثار مورائی کی جانب سے ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ضمانت دی تھی۔

متعلقہ عنوان :