دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئے فیصل آباد اور اٹلی کے درمیان براہ راست تجارتی وفود کا تبادلہ کیا جائے ٬ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

جمعہ 4 نومبر 2016 16:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 نومبر2016ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئے فیصل آباد اور اٹلی کے درمیان براہ راست تجارتی وفود کے تبادلوں پر زور دیا ہے ۔ وہ آج اٹالین ٹریڈ ایجنسی کے ڈپٹی ٹریڈ کمشنر اے آر داؤد پوتا سے ملاقات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں ٹیکسٹائل کو کلیدی اہمیت حاصل ہے جبکہ 13 ارب ڈالر کی مجموعی ٹیکسٹائل برآمدات میں صرف فیصل آباد کا حصہ 6 ارب ڈالر ہے۔

انہوں نے فیصل آباد کو پاکستان کا صنعتی٬ تجارتی اور کاروباری محور و مرکزقرار دیا اور کہا کہ ملک کے عین وسط میں واقع ہونے کی وجہ سے یہاں سے پوری دنیا تک رسائی انتہائی آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی صنعتی٬ کاروباری ٬ تجارتی اور برآمدی اہمیت کے پیش نظر اٹلی سے آنے والے تمام تجارتی وفود کو فیصل آباد کا بھی دورہ کرنا چاہیئے تا کہ وہ متعلقہ سیکٹر کے صحیح کاروباری لوگوں سے براہ راست بات چیت کر سکیں جن میں ٹیکسٹائل سرفہرست ہے۔

(جاری ہے)

اس سے نہ صرف اٹلی بلکہ پاکستان کے تاجروں کو بھی فائدہ ہوگا۔ اے آر داؤد پوتا نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اٹلی کا 58 رکنی سرکاری تجارتی وفد5 نومبر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔ اس وفد میں ہر سیکٹر کے کاروباری لوگوں کے علاوہ مختلف ایسوسی ایشنوں کے سربراہ بھی شامل ہونگے۔

متعلقہ عنوان :