سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے ماحول میں مزید بہتر ی کے اقدامات خوش آئند ہے ٬خادم حسین

جمعہ 4 نومبر 2016 16:12

لاہور۔4نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2016ء) ممتازتاجر رہنما و ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس خادم حسین نے حکومت کی کاروبار کرنے سے متعلق قومی اصلاحات کی حکمت عملی کے تحت آئندہ دو سال کے دوران ملک میں کاروباری ماحول میں بہتری لانے کے وزارت خزانہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا٬ریگولیٹری تبدیلیوں ٬عملدرآمدی اداروں میں ٹیکنالوجی و استعداد کار میں بہتری سے متعلق اصلاحات سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوگی٬ ان خیالات کا اظہار انہوںنے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

خادم حسین نے کہا کہ کاروبار کرنے کے طریقہ کار کو سادہ اور آسان بنانے سے قومی اصلاحات کی حکمت عملی کے نتیجے میں کاروبار کرنے سے متعلق رپورٹ2017میں پاکستان کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے اور اس حوالے سے پاکستان اصلاحات کرنے والی10بڑے ممالک کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے مزید ساز گار کاروباری ملک بن گیا ہے٬ اس حوالے سے پاکستان190ممالک میں148ویں سی144ویں نمبر پر آگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومتی اصلاحات سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔