مقامی ادویہ سازاداروںکی ادویات کی قیمتوں میں رضاکارانہ کمی کی پیشکش

جمعہ 4 نومبر 2016 16:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2016ء) مقامی ادویہ سازاداروں نے معاشرہ کے غریب طبقات اور مریضوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ادویات کی قیمتوں میں رضاکارانہ طور پر 40 فیصد تک کمی کی پیشکش کی ہے۔ مقامی ادویہ ساز اداروں کے ذرائع نے بتایا کہ بلڈ پریشر٬ ذیابیطس٬ دل کے امراض کی ادویات٬ کھانسی٬ نزلہ٬ زکام٬ بخار٬ کمزوری سمیت دیگر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے اس لئے مریضوں کی سہولت کیلئے ادویات کی قیمتوں میں رضاکارانہ طور پر کمی کی پیشکش کی گئی ہے۔

ہوننگ فارما کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) رضوان بیگ سے اس حوالہ سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی شکایات اور مشکلات کی وجہ سے مقامی ادویہ سازوں نے رضاکارانہ طور پر ادویات میں کمی کی پیشکش کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فارما کمپنیوں کے 100 سے زائد سی ای اوز نے فیصلہ کیا ہے کہ 40 فیصد تک ادویات میں کمی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ادویات میں اضافہ اور شہریوں کی تکلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ قیادت سے اس حوالہ سے نوٹس لینے کی بھی گزارش کی گئی ہے۔

ینگ فارما ایسوسی ایشن کے نمائندہ نے اس حوالہ سے بتایا کہ قیمتوں میں اضافہ غریب مریضوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اتھارٹیز کی منظوری کے بغیر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔