وفاقی دارالحکومت میں گرم کپڑوں کی فروخت کا آغاز ٬مارکیٹوں میں سٹال لگ گئے

جمعہ 4 نومبر 2016 16:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2016ء) سردی کا موسم شروع ہوتے ہی وفاقی دارالحکومت میں گرم کپڑوں کی فروخت کا بھی آغاز ہوگیا۔ نئے اور استعمال شدہ گرم کپڑوں کی طلب موسم کی صورتحال میں اچانک تبدیلی سے بڑھ گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کی بڑی مارکیٹوں بشمول آب پارہ٬ کراچی کمپنی٬ ایف ٹین مرکز اور اسلام آباد کے دیگر حصوں میں استعمال شدہ گرم کپڑوں کی خریداری کے خواہش مند لوگوں کے لئے سٹال لگا دیئے گئے ہیں۔

اسی طرح سردیوں کے ملبوسات کے اسٹالز اور جوتوں کی فروخت کے مراکز اتوار٬ منگل اور جمعہ بازاروں میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں جہاں استعمال شدہ لحاف٬ کمبل اور دریاں فروخت کیلئے دستیاب ہیں۔ آب پارہ اتوار بازار میں ایک دکاندار محسن علی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی صارفین گرم ملبوسات٬ سویٹرز٬ شالیں اور کوٹس کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مارکیٹوں میں غریب اور امیر افراد کے لوگوں کا ہجوم دکانداروں کے ساتھ قیمتوں میں کمی کے لئے بحث کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ ایف ٹین مرکز میں کپڑوں کی خریداری میں مصروف رفیع الله نے بتایا کہ سردی میں اضافہ کی وجہ سے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے ارزاں نرخوں پر کپڑوں کی خریداری کیلئے سیلز مارکیٹوں اور ہفتہ وار بازاروں کا رخ کر دیا ہے۔

جو لوگ نئے کپڑوں کی خریداری کی قوت نہیں رکھتے٬ وہ لُنڈا بازاروں سے ارزاں نرخوں پر گرم ملبوسات کی خریداری کر رہے ہیں۔ گزشتہ تین روز کے دوران وفاقی دارالحکومت میں بارش کے باعث رات کو موسم سرد ہو گیا ہے اور لوگوں نے سردی کی اچانک لہر سے بچنے کے لئے ضروری اشیاء اور گرم ملبوسات کی خریداری شروع کر دی ہے۔