مسور کی کاشت 15نومبر تک مکمل کر لیں٬زرعی ماہرین

جمعہ 4 نومبر 2016 12:42

فیصل آباد۔4نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2016ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ کاشتکار ستمبر کاشتہ کماد میں مسور کی مخلوط کاشت سے اپنی آمدن میں یقینی اضافہ کر سکتے ہیں جبکہ کماد میں مسور کی مخلوط کاشت زمین کی زرخیزی بڑھانے کے ساتھ کماد کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کا سبب بھی بنتی ہے لہٰذا کاشتکار مسور کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کیلئے کاشت 15نومبر تک مکمل کر لیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال مسور کے 26ہزار 500ایکڑ رقبہ سے 4ہزار 700ٹن پیداوار حاصل کی گئی جبکہ اوسط پیداوار 4.75من فی ایکڑ رہی۔انہوںنے کہاکہ 4فٹ کے فاصلہ پر کاشتہ کماد کی 2لائنوں کے درمیان وتر حالت میں مسور کا بیج بذریعہ سنگل رو ڈرل کاشت کیاجاسکتاہے۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار زیادہ رقبہ پر کاشت کیلئے پھالے ایڈجسٹ کرکے کلٹیویٹر کے ساتھ پور لگا کر کاشت کریں نیز 4فٹ پر کاشتہ کماد میں مسور کی 2سے 3لائنیں جبکہ اڑھائی فٹ پر کاشتہ کماد میں 1لائن کاشت کرنا ضروری ہے ۔انہوںنے کہاکہ مخلوط کاشت کیلئے ترقی دادہ اقسام کا منظور شدہ بیج 5سے 6کلوگرام فی ایکڑ استعمال کرنے سمیت مسور کی بہتر دیکھ بھال کے ذریعے 10من فی ایکڑ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔