پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں پراکسی وار شروع کررکھی ہے ٬اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا٬بھارتی وزیر دفاع کی ہرزہ سرائی

ہم کشمیر کی سرزمین اور اسکے عوام کو اپنا اٹوٹ انگ سمجھتے ہیں٬پاکستان نے ہمیشہ جموں وکشمیر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ٬ پاکستان اپنے ہی لوگوں اور کشمیر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے٬گمراہ نوجوان کشمیریت کو نشانہ بنارہے ہیں اورسکولوں کو تباہ کرکے کشمیری بچوں کے مستقبل کو تباہ کیاجارہا ہے٬ منوہر پریکر کا دورہ مقبوضہ کشمیر کے دوران تقریب سے خطاب

جمعرات 3 نومبر 2016 20:04

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں پراکسی وار شروع کررکھی ہے ٬اس کا بھرپور ..

نئی دہلی /جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 نومبر2016ء) بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آ منے سامنے لڑائیوں میں شکست کا سامنا کرنے کے بعدپاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں پراکسی وار شروع کررکھی ہے جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے دور روزہ دورے کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منوہر پریکر نے الزام لگایا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں پراکسی وار میں مصروف ہے لیکن اسے بھرپور جواب دیاجائے گا۔

پاکستان نے ہمیشہ جموں وکشمیر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ہم کشمیر کی سرزمین اور اسکے عوام کو اپنا اٹوٹ انگ سمجھتے ہیں۔منوہر پریکر نے بڑھک مارتے ہوئے کہاکہ آمنے سامنے لڑائیوں میں شکست کا سامنا کرنے کے بعد پاکستان نے زمین پر موجود اس جنت کے ٹکڑے میں پراکسی وار شروع کررکھی ہے اور ملک کے دیگر حصوں کو بھی ہدف بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے فوجی پیشہ وارانہ انداز میں یہ جنگ لڑ رہے ہیں۔بھارتی وزیر دفاع کاکہنا تھاکہ پاکستان اپنے ہی لوگوں اور کشمیر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔جموں وکشمیر میں ایک منتخب حکومت کشمیر ی عوام کی خدمت کیلئے موجود ہے۔گمراہ نوجوان کشمیریت کو نشانہ بنارہے ہیں اورسکولوں کو تباہ کرکے کشمیری بچوں کے مستقبل کو تباہ کیاجارہا ہے۔