کشمیری بدترین ریاستی دہشت گردی کے باجود اپنی جدوجہد عزم وہمت کیساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں٬ میر واعظ

جمعرات 3 نومبر 2016 17:41

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بدترین ریاستی دہشت گردی کے باوجود حق خود ارادیت کی جدوجہد عزم و ہمت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔میر واعظ نے بھارتی فورسز کی طرف سے سرینگر کے علاقے آنچار صورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہریوں کی مارپیٹ٬ خواتین کی بے حرمتی ٬ گھریلو اشیا ء کی توڑ پھوڑ ا اورآستانہ عالیہ جناب صاحب صورہ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ نے آنچار صاحب صورہ میں ایک عوامی اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب میں متاثرہ شہریوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔ انہوںنے کہا کہ بھارت اور کٹھ پتلی انتظامیہ کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ جبر وا ستبداد کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کامیاب ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک عظیم مقصد کے لیے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور وہ آزادی کے مطالبے سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون سے سینچی مبنی برحق تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہر سطح پر یکسوئی اور عزم و استقامت کا مظاہرہ انتہائی ضروری ہے ۔دریں اثنا فورم کے ترجمان نے میر واعظ عمر فاروق٬ سید علی گیلانی٬ مختار احمد وازہ٬ ایڈوکیٹ شاہد الاسلام اور دیگر حریت رہنمائوں کے علاوہ انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز کی گھروں ٬ تھانوں اور جیلوںمیں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل نظر بندی کے سبب کئی رہنمائوں کی صحت انتہائی کمزرو ہو چکی ہے ۔ ترجمان نے غیر قانونی طور پر گرفتارہزاروںکشمیری نوجوانوں کی غیر مشروط رہائی کا بھی مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے انگریزی روزنامے ’’ کشمیر ریڈر‘‘ کی اشاعت پر مسلسل پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت نے اخبار پر پابندی عائد کر کے جمہوری قدروں کا گلا گھونٹ دیا ہے۔