پاکستان اسٹیٹ آئل نے کراچی ایئرپورٹ پر اچانک قومی فضائی کمپنی کو جیٹ فیول کی سپلائی بند کر دی

بدھ 2 نومبر 2016 22:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) پاکستان اسٹیٹ آئل(پی ایس او) نے کراچی ایئرپورٹ پر اچانک قومی فضائی کمپنی کو جیٹ فیول کی سپلائی بند کر دی ہے۔ فیول کی عدم فراہمی کے باعث متعدد پروازیں تاخیر کا شکارہوگئی ہیں جبکہ سندھ کابینہ کے وزراء بھی ایئرپورٹ پر پھنس گئے٬ کئی گھنٹوں کے بعد فیول کی سپلائی شروع ہونے کے بعد سکھر کے لئے پرواز روانہ ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل نے واجبات کی عدم ادائیگی پر قومی فضائی کمپنی کو کراچی ایئرپورٹ پر فیول کی سپلائی بند کر دی۔ فیول کی عدم دستیابی کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول متاثر ہو گیا اور اندرون و بیرون ملک جانے والی بے شمار پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں اور مسافر اہل خانہ کے ہمراہ ایئرپورٹ پر بے یار و مددگار بیٹھنے پر مجبور ہو گئے۔

(جاری ہے)

پروازوں کی تاخیر کے باعث سندھ کے کئی وزراء بھی ایئر پورٹ پر پھنس گئے۔سندھ کے وزراء ممتاز جاکھرانی٬ برہان چانڈیو٬ ناصر حسین شاہ اور محمد بخش مہر جبکہ ممبر قومی اسمبلی نواب وسان اور سردار علی محمد مہر سکھر جانے کے لئے کئی گھنٹے تک پرواز کی روانگی کا انتظار کرتے رہے٬ چار گھنٹے کی بندش کے بعد پی ایس او نے جیٹ فیول کی سپلائی بحال کر دی جسکے بعد سکھر کے لئے پہلی پرواز روانہ ہوگئی۔

متعلقہ عنوان :