حیسکو کے 71 صارفین کی طرف ارب روپے واجب الادا ہیں

بدھ 2 نومبر 2016 22:18

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) بجلی صارفین پر بجلی حیسکو کے 71 ارب روپے واجب الادا ہیں جن میں آپریشن سرکل حیدرآباد کی ڈویژنوں لطیف آباد٬ قاسم آباد٬ گاڑی گھاتہ٬ ٹنڈو الہیار٬ آپریشن سرکل لاڑ کی ڈویژنوں پھلیلی٬ کوٹری ٬ ٹھٹھہ ٬ ٹنڈو محمد خان٬ بدین ۔ آپریشن سرکل نوابشاہ کی ڈویژنوں نوابشاہ٬ سانگھڑ٬ ٹنڈو آدم اور آپریشن سرکل میرپورخاص کی ڈویژنوں میرپورخاص ٬ ڈگری٬ عمر کوٹ کے علاقے شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی اداروں پر 01ارب 79کروڑ98لاکھ اور صوبائی اداروں پر 32ارب 07کروڑ67لاکھ جبکہ نجی صارفین پر37ارب38کروڑ 95 لاکھ روپے کے واجبات ہیں جس کی وصولی کیلئے خصوصی ٹیمیں گھر گھر جاکر ادائیگی چیک کر رہی ہیں لہٰذا تمام صارفین اپنے ذمہ حیسکو کے واجبات فوری طور پر ادا کریں بصورت و دیگر ان کے خلاف نئے ترمیمی قانون کے تحت کارروائیاں عمل میں لائی جائینگی۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو اسد اللہ نے حیسکو کے چیف انجینئرز٬ ڈائریکٹرز٬ سپرنٹنڈنگ انجینئرز کے آپریشن سرکل کے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو ایک قومی ادارہ ہے جسے بجلی کی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی نے غیر مستحکم کردیا ہے ٬ حیسکو افسران پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بجلی چوری کا خاتمہ کریں اور بل ادا نہ کرنے والوں کے بجلی کے کنکشن منقطع کردیں٬ تاکہ ادارے کی حالت کو بہتر بنایا جاسکے۔