ماحولیاتی ایکٹ 2014کی خلاف ورزی کرنے پر کئی بھٹیوں کو سیل کر دیا گیا

بدھ 2 نومبر 2016 22:18

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) ادارہ تحفظ و ماحولیات حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ دیھ شاہ بخاری٬ اسریٰ ہسپتال٬ ہٹڑی یونین کونسل ٬ ٹنڈو محمد یوسف٬ ٹنڈو فضل٬ ٹنڈو عالم٬ گوٹھ اللہ بخش گوپانگ٬ ٹنڈو فضل روڈ٬ ہوسڑی اور گنجو ٹکر لطیف آباد حیدرآباد کے لوگوں کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ مذکورہ علاقوں میں بیٹری جلانے والی بھٹیوں کی وجہ سے زراعت٬ انسانی صحت اور آبی حیات کو نقصان ہونے کا خطرہ ہے اوراس سے کئی وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ بھی ہوتا ہے جس پر ادارہ تحفظ و ماحولیات حیدرآباد سندھ کی جانب سے ماحولیاتی ادارے حیدرآباد کے انچارج منیر عباسی کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی ٹیموں نے پولیس کے تعاون سے ماحولیاتی ایکٹ 2014کی خلاف ورزی کرنے پر کئی بھٹیوں کو سیل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ بیٹریوں میں موجود کیمیکل جلنے کی وجہ سے خارج ہونے والے دھویں کے باعث زراعت ٬انسان صحت اور آبی حیات کے مسائل در پیش ہو سکتے ہیںاور ان سے جلد اور دمے کا مرض بھی لاحق ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے بیٹری جلانے والے عمل میں ملوث لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ ماحولیاتی ایکٹ 2014کی خلاف ورزی نہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ یہی وجہ ہے کہ بیٹریوں کو جلانا غیر قانونی قرارد یا گیا ہے۔ اس موقع پر متعلقہ افسران و عملہ بھی موجود تھا۔