فرائض میں غفلت برتنے پر حیسکو منیجر فنانس معطل

بدھ 2 نومبر 2016 22:18

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) حیسکو انتظامیہ نے فرائض میں غفلت برتنے پر حیسکو فنانس ڈپارٹمنٹ کے منیجر فنانس سی پی سی دین محمد کو فوری طور پر معطل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق فنانس ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے حیسکو کے ٹیکس کے ضروری کاغذات جو کہ گذشتہ ماہ 31اکتوبر تک ریجنل ٹیکس آفس ایف بی آر حیدرآباد کے دفتر میں جمع نہ کرانے اور فرائض میں غفلت برتنے پر حیسکو انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر معطلی کا آرڈر جاری کیا گیا ہے اور معطلی کے دوران فنانس ڈائریکٹر کے پاس رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تمام افسران و دیگر ملازمین کو ہدایات پہلے سے جاری کی گئی ہیں کہ فرائض میں غفلت٬ بجلی چوری اور رشوت خوری بالکل قبول نہیں٬ ملوث ملازمین کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔