رینجرز اور حساس ادارے نے سخی حسن قبرستان میں زیر زمین اور کراچی پولیس نے پاک کالونی سے گرفتار ملزم کی نشاندھی پر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا

کراچی کے مختلف علاقوں میں اسلحہ کے بے پناہ ذخائر ہیں جن کی برآمدگی کے بغیر شہر میں امن قائم نہیں ہو سکتا٬ ڈی آئی جی ویسٹ کی پریس کانفرنس اسلحہ سائیکل کے کوڑے دان میں چھپا کر کراچی منتقل کیا جا رہا تھا۔ برآمد اسلحہ میں دو کلا شنکوف ٬ ایک ماؤزر٬ دو ہینڈ گرنیڈ اور سینکڑوں گولیاں شامل ہیں

بدھ 2 نومبر 2016 22:07

رینجرز اور حساس ادارے نے سخی حسن قبرستان میں زیر زمین اور کراچی پولیس ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) رینجرز اور حساس ادارے نے سخی حسن قبرستان میں زیر زمین اور کراچی پولیس نے پاک کالونی سے گرفتار ملزم کی نشاندھی پر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ڈی آئی جی ویسٹ ذوالفقار لاڑک کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں اسلحہ کے بے پناہ ذخائر ہیں جن کی برآمدگی کے بغیر شہر میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

ڈی آئی جی ویسٹ ذوالفقار لاڑک نے ایس ایس پی ویسٹ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے گرفتار ملزم اسد اللہ ولد عبدالباسط کی نشاندھی پر پاک کالونی غلام محمد ویلج نزد عثمانیہ مسجد کے قریب گھر میں ایک مکان پر چھاپہ مارا تو ملزمان انور ہڈی اور بلال بھیا نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے٬ جبکہ مکان کی تلاشی کے دوران پولیس نے دو دیواروں کے درمیان بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

اسلحہ ریاست نامی منشیات فروش گروپ کا ہے٬ جبکہ گرفتار ملزم اور فرار دونوں ملزمان کا تعلق جمیل عرف نبیل گنجا گروپ سے ہے۔برآمد ہونے والے اسلحے میں70 آوان بم٬ 11عددآر پی جی سیون ( RPG-7 )راکٹ لانچر ٬5لائٹ مشین گن ٬ 21سب مشین گن ٬ جی تھری ٬ ایم 16رائفل ٬ اسٹینڈ گن راکٹ کے فیوز سمیت مختلف اقسام کی50سے زائد گنز٬ رائفلز٬ پستولیں٬50ہزار گولیاں شامل ہیں۔

ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ لیاری سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بڑے آپریشن کی ضرورت ہے٬ اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اختیارات ملنے چاہیں٬ رینجرز نے 15 گاڑیوں کی مدد سے سخی حسن قبرستان کو گھیرے میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق حساس ادارے کے اہلکار بھی رینجرز کے ہمراہ تھے۔ کارروائی کے دوران قبرستان سے زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر قبرستان میں کارروائی کی گئی٬دوسری جانب کوسٹ گارڈ نے کراچی سپر ہائی وے پر خفیہ اطلاع پر کاروائی کے دوران شہر میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق اسلحہ سائیکل کے کوڑے دان میں چھپا کر کراچی منتقل کیا جا رہا تھا۔ برآمد اسلحہ میں دو کلا شنکوف ٬ ایک ماؤزر٬ دو ہینڈ گرنیڈ اور سینکڑوں گولیاں شامل ہیں جو کراچی میں شر پسندی کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔

متعلقہ عنوان :