تحریک انصاف والے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا جشن مناکر شرمندگی چھپارہے ہیں٬مولابخش چانڈیو

قانو ن سازی کرنا پارلیمنٹ کا استحقاق ہے٬ عدلیہ کا کام اس پر عملدرآمد کروانا ہے٬مشیر اطلاعات سندھ ملک کی جراتمند قیادت ہے تو صرف بلاول بھٹو زرداری ہی ہیں٬ جو دہشتگردوں کے خلاف بات کرتے ہیں وزیراعظم اپنے آپ کو تحقیقات میں پیش ہونے کا اعلان کردے تو بحران ایک منٹ میں حل ہوسکتا ہے

بدھ 2 نومبر 2016 22:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ قانون اور آئین کے تحت عدلیہ قانون سازی نہیں کرتی٬ قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کے استحقاق میں ہے٬ اس پر عملدرآمد کروانا عدلیہ کا کام ہوتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ہر پارٹی کے اپنے مفادات اور حکمت عملی ہوتی ہے٬ پیپلزپارٹی ہمیشہ قانون اور آئین کی پاسداری کرتی رہے ہے اور کریگی۔

ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ ہماری فتح اس وقت ہوئی تھی٬ جب سابقہ چیف جسٹس افتخار چودھری نے کہا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف نہیں ملا۔ مولابخش چانڈیو نے پی ٹی آئی کے یوم تشکر منانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ کیا پی ٹی آئی والے آنسو گیس اور صوابی لاٹھی چارج کا جشن منا رہے ہیں عمران خان تو گھر کے اندر بیٹھا رہا اور کارکنان پر آنسو گیس شیلنگ اور لاٹھی چارج ہوتی رہی٬ پی ٹی آئی والے اپنی شرمندگی چھپانے کیلئے جشن منا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو اگر وہی نوازلیگ کی بات ہی ماننی تھی تو پھر کارکنوں کو سڑکوں پر نکال کر ان پر لاٹھیاں کیوں برسانے دیں۔ ایک سوال کے جواب میں مولابخش چانڈیو نے کہا کہ اگر کوئی جرئتمند قیادت ملک میں ہے تو وہ صرف بلاول بھٹو زرداری ہی ہیں جو دہشتگردوں کے خلاف بات کرتے ہیں٬ ملک میں دہشتگردوں کی چھتری تلے لوگ الیکشن جیت کر آئے٬ انہیں اچھے برے طالبان نے ہی ملک میں تباہی مچائی ہوئی ہے۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ ہم موجودہ صورتحال کو 2018تک ہرگز لیکر جانا نہیں چاہتے٬ ہم وزیراعظم کے احتساب کے حق میں ہیں تاکہ ایسی روایات قائم ہوں۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ موجودہ بحران ایک منٹ میں حل ہوسکتا ہے اگر وزیراعظم یہ اعلان کردے کہ وہ اپنے آپ کو پاناماتحقیقات میں احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں۔