پولیس ٹریننگ کالج کے شہداء کے لیے زیارت میںقرآن خوانی و دعاء کا انعقاد

بدھ 2 نومبر 2016 22:01

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل ٬ڈی پی او زیارت محمد حنیف بلوچ٬اسسٹنٹ کمشنر سہیل انور ہاشمی٬ ضلع زیارت کے دیگر افسران ٬سول سوسائٹی اور دیگر مختلف مکاتب فکر کے افراد نے پولیس ٹریننگ کالج کے شہداء کے لیے زیارت میںقران خوانی دعائیں اور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرزیارت نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کبھی مرتا نہیں ٬بلکہ شہادت کا رتبہ خوش نصیبوں کو نصیب ہوتا ہے ٬پی ٹی سی کے شہداء نے قوم اور ملک کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی ان شہداء کا نام تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھا جائے گا ٬ان کی شہادت ہمارے لیے مشعل راہ ہے ٬جو بھی قوم اورملک کے لیے اپنی جان قربان کرتا ہے ان کی قربانی پر ان کی قوم ہمیشہ فخر کرتی ہے٬پی ٹی سی کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ سانحہ پی ٹی سی کے شہداء کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور غم کی اس گھڑ ی میں شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ٬پی ٹی سی پر حملہ قابل مذمت ہے ٬دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں ناپاک عزائم کی بنیاد پر حملہ کرکے کئی گھروں کے چراغ گل کردئیے دہشت گردوں نے نہتے پولیس اہلکاروں کو جس طرح بزدلی سے نشانہ بنایا وہ المیہ سے کم نہیں ۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم بہادر قوم ہیں اور ہم ہر امتحان کا مقابلہ صبراور حوصلے سے کرسکتے ہیں ٬ہماری فورسز کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے ٬ہمارے آفیسران اور اہلکاروں نے قربانی کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں۔

متعلقہ عنوان :