بچوں کے تحفظ کے لئے مختلف قسم کی بنیادی تعلیم و تربیت دی جائے گی٬ ڈپٹی میئر کراچی

بدھ 2 نومبر 2016 21:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی حلقوں کی سطح پر بچوں کے تحفظ کے لئے مختلف قسم کی بنیادی تعلیم و تربیت دی جائے گی٬ کراچی کی موجودہ قیادت بچوں کے تحفظ کے لئے عالمی سطح پر بنائے گئے قوانین اور آئین پاکستان کے تحت بنائے گئے قوانین کو عملی جامہ پہنائے گی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے ہیومن رائٹس فائونڈیشن کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔

ہیومن رائٹس فائونڈیشن کے صدر رانا آصف حبیب ٬جنرل سیکریٹری سید سلمان مختار کے علاوہ ممبر سٹی کونسل تحسین عابدی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے بنیادی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے٬ کراچی میں بچوں کو صحت٬ تعلیم و تربیت٬ عدم تشدد٬ معاشی ناہمواری٬ گھریلو ناچاقی کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی میئر کو بتایا گیا کہ تقریباً 5 لاکھ بچے کراچی کی سڑکوں پر مختلف نوعیت کام کرتے ہوئے نظر آتے ہیں٬ کراچی کی دو کروڑ آبادی میں 40 فیصد بچے ہیں جو کہ ایک نمایاں آبادی رکھتے ہیں انہیں ہر قسم کے تحفظ کی اشد ضرورت ہے٬بچوں کو تحفظ مہیا کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور آئین کے تحت پانچ سال سے 16 سال تک کے کم عمر بچوں سے جبری مشقت ممنوع ہے۔ ہیومن رائٹس فائونڈیشن کے صدر رانا آصف حبیب نے ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی کو چائلڈ فرینڈلی بنانا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :