چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے انسداد ڈینگی مہم تیز کرنے کی ہدایت

محکمہ اطلاعات٬ صحت اور بلدیات الرٹ٬ یومیہ دو مرتبہ ڈینگی مار اسپرے کی ہدایت

بدھ 2 نومبر 2016 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 نومبر2016ء) چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن انتظامیہ کو شہر میں فوری طور پر ڈینگی مار اسپرے مہم شروع کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی مہم کیلئے کے ایم سی کو 60گاڑیاں اور 5ملین کی خصوصی گرانٹ دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات اپنے آفس میں کراچی میں ڈینگی کے خاتمے کے سلسلے میں طلب کیئے گئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں٬ اجلاس میں سیکریٹری صحت ڈاکٹر عثمان چاچڑ٬ سیکریٹری اطلاعات عمران عطاء سومرو٬ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان٬ میونسپل کمشنرز٬ کراچی کے ڈپٹی کمشنرز اور میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں اہم فیصلے کیئے گئے جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے 15نومبر 2016تک شہر میں یومیہ دو مرتبہ ڈینگی مار اسپرے کیا جائیگا٬ سوئمنگ پولز٬ فارم ہائوسز٬ ٹائر پنکچر کے دکانوں٬ رہائشی مقامات پر کمروں کے اندر رکھے ہوئے پودوں٬ عمارتوں کی چھتوں پر پانے کے ٹینکس پر ڈھکنے لگانے کے اہداف٬ ڈینگی کے خاتمے والی مہم کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ہسپتالوں اور ڈسپینسریوں میں ڈینگی سے بچائو کی ادویات اور دیگر ساز و سامان دستیاب رکھنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ افسران اور عملے کو الرٹ کیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ انتظامی اور بلدیاتی افسران اور عملے کے ساتھ تعاون کریں اور خود بھی احتیاطی تدابیر بروئے کار لائیں۔

انہوں نے محکمہ اطلاعات کو بھی آگہی مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔ قبل ازیں ڈائریکٹرڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر مسعود سولنگی نے اجلاس کو کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈینگی کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت تک 1620ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے ہیں٬ جن میں سے 3مریض فوت ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ہر ہسپتال میں آئسولیشن وارڈ قائم کردیے گئے ہیں اور ڈینگی کٹس فراہم کردی گئی ہیں۔ چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے صورتحال پر مزید بات کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی انتظامیہ کو کراچی میں ڈینگی مار اسپرے شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کے ایم سی کیلئے 5ملین روپے کی اسپیشل گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :